الریاض میں الف انٹرنیشنل سکول کی جانب سے عظیم الشان مشاعرہ کا انعقاد

الریاض (عابد شمعون چاند) شعرا اپنی شاعری کے ذریعے جس طرح سمندر کو کوزے میں بند کرکے اپنی باتوں کا اظہار کرتے ہیں اس سے انسان کے اندر سوچ کا ایک سمندر پیدا ہوتا ہے اور اس لیے معاشرے میں تعمیری سرگرمیوں کے فروغ اور مثبت اقدار کی ترویج کے لیے ادب کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہے۔

دیار غیر میں ادب کو فروغ دینے کے لیے سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں قائم الف انٹرنیشنل سکول کی پندرہویں سالگرہ کے موقع پر ایک عالیشان مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا جس میں معروف ادبی تنظیم تخیل ادبی فورم کے شعراء نے خصوصی شرکت کی۔ مشاعرہ کی صدارت تخیل کے سینئر نائب صدر شاہد خیالوی نے کی جبکہ مہمان خصوصی تخیل کے سرپرست اعلیٰ اور نامور شاعر منصور محبوب تھے۔

مشاعرے کی نظامت کے فرائض تخیل کے جنرل سیکرٹری راشد محمود نے اپنے مخصوص انداز میں سر انجام دیتے ہوئے مشاعرہ کی افادیت پر روشنی ڈالی۔ مشاعرہ میں شامل معروف شعراء یاسر یونس، شاہد ریاض، سارہ عمر، ساجد محمود، پیر اسد کمال، فیصل اکرم گیلانی، منظر ہمدانی، کامران ملک ، منصور محبوب اور شاہد خیالوی نے اپنے بہترین کلام سے سامعین کو خوب محظوظ کیا اور داد سمیٹی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی منصور محبوب کا کہنا تھا کہ مشاعرے اور ادبی تقاریب ہماری زبان اور ثقافت کے فروغ کا اہم ذریعہ ہے۔

مشاعروں کے انعقاد سے طلباء لفظوں کے صحیح تلفظ سے آشنا بھی ہوتے ہیں اور جدید شاعری اور نئے حروف سے انہیں واقفیت حاصل ہوتی ہے۔ مشاعرہ کے اختتام پر مہمان خصوصی اور صدر محفل نے سکول انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور اردو زبان و بیان سے محبت اور ادب کی ترویج کے سلسلے میں کی گئی اس کاوش کو خوب سراہا۔ اس موقع پر سکول انتطامیہ کی جانب سے شعراء اکرام کو ان کی ادبی خدمات کے اعتراف میں خصوصی اسناد سے بھی نوازا گیا۔

Alif International Schoolالف انٹرنیشنل سکول
Comments (0)
Add Comment