مرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک نارتھ ویسٹ میں ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبیؐ و محفل ایصال ثواب کا انعقاد

کوپن ہیگن (رپورٹ:عقیل قادر) مرکز منہاج القرآ ن انٹرنیشنل ڈنمارک نارتھ ویسٹ میں عظیم الشان ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبی ﷺ اور محفل بسلسلہ ایصال ثواب چوہدری محمد اسماعیل مرحوم کا انعقاد کیا گیا ،جس میں ڈنمارک کے نامور علمائے گرامی قدر ، خطباء، واعظین ، مدرسین ، مختلف مساجد کی انتظامیہ کے عہدیداران ، سماجی ، سیاسی ، فلاحی ، مذہبی تنظیمات، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نامور شخصیات اور خواتین و حضرات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

قرآن خوانی، فاتحہ خوانی اور درودو سلام کے بعد محفل پاک کا آغاز ڈنمارک کے مشہورو معروف قاری محمد اسماعیل فرید تونسوی کی خوبصورت آواز میں تلاوت کلام پاک سے کیا گیا اور محمد کاشف خان نے بارگاہ سرور کونین میں گلہائے عقیدت کا نذرانہ پیش کیا۔

ڈینش زبان میں منہاج سکول آف اسلامک سائنسز ڈنمارک درس نظامی کے طالب علم محمد زیف اخترنے ایصال ثواب کے موضوع پر گفتگو کی ۔علامہ محمد شعیب اسلم نے نعت رسول مقبول اور کلام اقبال پڑھ کر محفل میں سماں باندھ دیا ۔

نقیب محفل علامہ ڈاکٹر حافظ محمد ادریس الازہری نے خصوصی خطاب کیلئے خطیب ڈنمارک علامہ پروفیسر حافظ سعید احمد چشتی کو دعوت دی جنھوں نے اعمال صالحہ کی اہمیت پرتربیتی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہر وہ عمل جو اللہ کی رضا کیلئے کیا جائے وہ عمل صالح ہے اور قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ اور محمد مصطفی ﷺ پر ایمان کے بعد اعمال صالحہ کواخروی کامیابی کا ذریعہ قرار دیا گیا ہے۔

علامہ حافظ سعید نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور منھاج القرآن انٹرنیشنل کی علمی ، عملی ، روحانی ، فلاحی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ۔نقابت کے فرائض علامہ ڈاکٹر حافظ محمد ادریس الازہری (ڈائریکٹر منہا ج القرآن انترنیشنل ڈنمارک ) نے سرانجام دیے۔محفل کے اختتام پر احسن اسماعیل کے والد چوہدری محمد اسماعیل مرحوم کے بلندی درجات کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور محفل میں شرکت کرنے والے خواتین و حضرات کو ڈنر پیش کیا گیا۔

محفل میں قیصر زبیر نجیب (صدر منھاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک)، حافظ سجاد احمد (صدر منھاج القرآ ن ڈنمارک نارتھ ویسٹ) شاہنواز اپل (جنرل سیکرٹری منھاج القرآن ڈنمارک)، علامہ پروفیسر حافظ سعید احمد چشتی (امام و خطیب اسلامک سنٹر البرٹ سلنڈ ڈنمارک)، علامہ محمد شعیب اسلم (امام وخطیب پاک کلچر سنٹر برانڈ بی)، علامہ قاری محمد اسماعیل فرید تونسوی(امام وخطیب اسلامک سنٹر ٹاسٹروپ )۔

علامہ حافظ محمد اشتیاق الازھری(ڈائریکٹر منھاج القرآن آماگر کوپن ہیگن)، علامہ منظور احمد نقشبندی(ڈائریکٹر منھاج القرآن ویلبی )، علامہ ابرار ظفر (ڈپٹی ڈائریکٹر منھاج القرآن ویلبی)، قاری ولایت خان قادری (مدرس شعبہ تحفیظ القرآن منھاج سکول ڈنمارک) ، ثناء اللہ مرزا، سلطان محمود اورمحمد مرتضی کے علاوہ کثیر تعداد میں خواتین و حضرات نے شرکت کی۔

ماہانہ مجلس ختم الصلوۃ علی النبیؐمحفل ایصال ثوابمرکز منہاج القرآن انٹرنیشنل ڈنمارک نارتھ ویسٹ
Comments (0)
Add Comment