ابوظبی ٹی 10 کے کپتانوں کا اعلان ، پاکستانی روہان مصطفیٰ مورس ویل آرمی کی قیادت کریں گے

ابوظبی (سپورٹس ڈیسک) ابوظبی ٹی 10 کا 8 واں ں ایڈیشن 21 نومبر سے شروع ہورہا ہے ۔ رواں سال لیگ میں حصہ لینے والی 10 ٹیموں کے کپتانوں اور ہیڈ کوچز کے نام اب سامنے آچکے ہیں۔مورس ویل اسمپ آرمی کی قیادت پاکستان کے روہان مصطفیٰ کریں گے جبکہ جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر لانس کلوزنر ٹیم کے ہیڈ کوچ کے فرائض انجام دیں گے۔دکن گلیڈی ایٹرز میں ایک بار پھر شمولیت اختیار کرنے والے نکولس پورن مسلسل تیسری بار ٹیم کی قیادت کریں گے۔

ان کی کپتانی میں ہی گلیڈی ایٹرز نے 2022 میں اپنا دوسرا ٹائٹل جیتا تھا اور 2023 کے ایڈیشن میں فائنلسٹ کے طور پر بھی اختتام پذیر ہوا تھا۔ کوچنگ قیادت میں کوئی تبدیلی نہ لاتے ہوئے گلیڈی ایٹرز نے مشتاق احمد کو اپنا ہیڈ کوچ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔بنگلہ دیش کے آل راؤنڈر شکیب الحسن ایک بار پھر بنگلہ ٹائیگرزکی قیادت کرنے کے لیے تیار ہیں۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان مسلسل تیسرے سال بھی ٹائیگرز کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے کام جاری رکھیں گے۔

دہلی بلز کی قیادت ویسٹ انڈیز کے ٹی ٹوئنٹی کپتان روومین پاول کو سونپی گئی ہے جنہوں نے 2022 میں ناردرن واریئرز کی قیادت بھی کی تھی۔ اینڈی فلاور کرس سلور ووڈ کی جگہ لیں گے اور 3 برس بعد ہیڈ کوچ کے عہدے پر واپس آئیں گے۔دو مرتبہ کی چیمپیئن ناردرن واریئرز کو بھی اپنی قیادت میں تبدیلی کا سامنا کرنا پڑے گا کیونکہ نیوزی لینڈ کے اسٹار فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ ، اینجلو میتھیوز کی جگہ ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ کوچنگ کے محاذ پر سابق آسٹریلوی کرکٹر ڈیو واٹمور واریئرز کے ہیڈ کوچ کی حیثیت سے شامل ہوں گے۔انگلش کرکٹر فل سالٹ رواں سیزن میں ڈوائن پریٹوریئس کی جگہ ابوظبی ٹیم کے کپتان ہوں گے جبکہ جنوبی افریقہ کے سابق کرکٹر مارک باؤچر ہیڈ کوچ کی حیثیت سے اسکواڈ میں شامل ہوں گے۔

دفاعی چیمپئن نیویارک اسٹرائیکرز نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ اپنی کامیاب کوچنگ کپتان جوڑی میں کوئی تبدیلی نہیں لائیں گے۔ اس لیے کیرون پولارڈ اور کارل کرو، جو 2022 میں اسٹرائیکرز کے قیام کے بعد سے ہی ان کے ساتھ منسلک ہیں، تیسری بار ٹیم کی قیادت اور تربیت جاری رکھیں گے۔سری لنکا کے سابق محدود اوورز کے کپتان تھیسارا پریرا لیگ کے 8 ویں سیزن کے لیے چنئی بریوز جیگوارز کے کپتان چریتھ اسلانکا کی جگہ لیں گے جبکہ سابق سری لنکن فاسٹ بولر چمینڈا واس کو ڈگلس براؤن کی جگہ اس سال ٹیم کا کوچ مقرر کیا گیا ہے۔

اس سال ابوظبی ٹی 10 میں ڈیبیو کرنے والی ٹیم یوپی نوابز کی قیادت افغانستان کے اسٹار رحمان اللہ گرباز کریں گے۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ رواں سال سابق انگلش کرکٹر اویس شاہ ہوں گے ۔افغانستان کے آل راؤنڈر محمد نبی ٹورنامنٹ میں ایک اور نئی ٹیم عجمان بولٹس کی قیادت کریں گے جبکہ مشہور کرکٹ کوچ اوٹس گبسن کوچ ہوں گے۔

Comments (0)
Add Comment