ٓٓاوسلو (رپورٹ:عقیل قادر) ناروے میں بچوں اور نوجوانوں میں بڑھتے ہوئے جرائم اور اسکے سدباب کے موضوع پر پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی ناروے نے ایک اہم سیمینار کا انعقاد کیا جس میں نوجوانوں کے علاوہ خواتین و حضرات نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
سیمینار کا آغاز یونس حمید نے تلاوت قرآن مجید اور نعت رسول ﷺ سے کیا، سیمینار کے مہمان خصوصی مصنف اور یوتھ ورکر غلام عباس تھے، غلام عباس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جرائم کو روکنے کے لیے والدین کی تربیت بہت اہمیت کی حامل ہے، والدین کو چاہیے کہ چھوٹی عمر سے ہی بچوں کے ساتھ دوستانہ ماحول رکھیں اور انکی تمام سرگرمیوں پر نظر رکھیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ والدین بچوں کی مثبت سرگرمیوں میں انکا حصہ بنیں، انہوں نے کہا کہ عام طور پر جو بچے خاندانی ناچاقیوں جھگڑوں، مالی مشکلات یا نشہ آور ماحول میں پرورش پاتے ہیں، ایسے بچے جرائم پیشہ افراد کا آسان شکار ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ والدین کی ذمہ داری ہے کہ وہ آج کے نوجوان کو سمجھنے کی کوشش کریں اور ان پر اپنی مرضی مسلط نہ کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جرائم کی دنیا سے باہر نکلنے کے لیے ضروری ہے کہ ارادہ مضبوط ہو اور اپ کو فیملی اور دوستوں کی طرف سے مکمل سپورٹ ہو۔
تروستے رود یوتھ کلب کے ساتھ منسلک محمد محی الدین ا عوان نے بتایا کہ اوسلو کے ہر علاقے میں گورنمنٹ کے تعاون سے یوتھ کلب موجود ہیں جن میں مثبت سرگرمیوں کے ذریعے بچوں اور نوجوانوں کو جرائم کی دنیا سے دور رکھ کر ایک مفید شہری بنایا جاتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ یوتھ کلبس میں تمام سرگرمیاں نوجوان بچوں اور بچیوں کے لیے مفت مہیا کی جاتی ہیں۔ سیمینار کی نقابت کے فرائض پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کے جنرل سیکریٹری شاہد سعید نے احسن انداز میں سر انجام دیئے۔
سوسائٹی کے صدر چوہدری عبدالحمید نے سیمینار میں شرکت کرنے پر تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور پوٹھوہار سوسائٹی کی انتظامیہ کو کامیاب پروگرام منعقد کرانے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر غلام عباس کی کتاب گاڈ فادر کو قرعہ اندازی کے ذریعے پانچ افراد میں تقسیم کیا گیا۔
غضنفر علی اور غلام عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور پوٹھوہار ویلفیئر سوسائٹی کی اس کاوش کا سراہا اور کہا کہ ایسے سیمینار وقت کی اہم ضرورت ہیں جس سے والدین اور بچوں کو بہت کچھ سیکھنے اور سمجھنے کا موقع میسر آتا ہے۔