امریکہ کی جانب سے قومی سلامتی کے تصور کو مسلسل وسیع کیا گیاہے ،چینی وزارت تجارت

سیمی کنڈکٹر بارے امریکہ کے برآمدی کنٹرول اقدامات عالمی سپلائی چین کیلئے شدید خطرہ ہیں، چینی میڈیا

بیجنگ (ویب ڈیسک) امریکہ نےچین کو سیمی کنڈکٹر کے لئے اپنے برآمدی کنٹرول اقدامات کا اعلان کیا ہے۔ اس اقدام سے سیمی کنڈکٹر مینوفیکچرنگ آلات، میموری چپس اور دیگر اشیاء پر چین کو برآمدی کنٹرول مزید سخت کیا جائے گا۔

اقدامات کے اعلان کے مطابق136 چینی اداروں کو برآمدی کنٹرول اداروں کی فہرست میں شامل کیا جائے گا اور تیسرے ملک کے ساتھ چین کی تجارت میں من مانی مداخلت کرنے کے لئے” لانگ آرم” دائرہ اختیار کو بھی وسعت دی جائے گی۔

چین کی وزارت تجارت کے ترجمان نے اس بارے میں کہا کہ یہ معاشی جبراور نان- مارکیٹ عمل ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکہ کہتا کچھ اور کرتا کچھ ہے۔امریکہ کی جانب سے قومی سلامتی کے تصور کو مسلسل وسیع کیا گیاہے، ایکسپورٹ کنٹرول کے اقدامات کا غلط استعمال کیا گیا ہے اور امریکی رویہ یکطرفہ پسندی اور غنڈہ گردی کا رویہ ہے جس کی چین سختی سے مخالفت کرتا ہے۔

وزارت تجارت کے ترجمان نے کہا کہ سیمی کنڈکٹر کی صنعت انتہائی گلوبلائزڈ ہے ، اور امریکہ کی طرف سے کنٹرول اقدامات کے غلط استعمال نے ممالک کے مابین معمول کے معاشی اور تجارتی تبادلوں میں شدید رکاوٹ ڈالی ہے ، مارکیٹ کے ضوابط اور بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی نظم و نسق کو شدید نقصان پہنچایا ہے اور عالمی صنعتی اور سپلائی چین کے استحکام کو بھی اس سے شدید خطرہ لاحق ہے۔

انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیوں سمیت عالمی سیمی کنڈکٹر انڈسٹری اس سے بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے چین اپنے جائز حقوق اور مفادات کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات اختیار کرے گا۔

چینی وزارت تجارت
Comments (0)
Add Comment