امارات ہمارا دوسرا گھر ہے، ہم اس کے تحفظ اور ترقی کیلئے اپنی تمام کوششیں بروئے کار لائیں گے

ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں یو اے ای جیسی ترقی اور خوشحالی ہو، ہم دونوں ممالک کی دوستی کو مزید مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں

پختون بزنس کمیٹی کی جانب سے یو اے ای کے 53 ویں قومی دن کی تقریب کا انعقاد

شرکائے تقریب نے مل کر کیک کاٹا اور امارات کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں پختون بزنس کمیٹی کی جانب سے یو اے ای کے 53 ویں قومی دن کے حوالے سے تقریب کا انعقاد کیا گیا،جس میں حسین محمد قونصل جنرل مہمان خصوصی تھے۔تقریب میں متحدہ عرب امارات کی اہم ادبی، سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی، مہمانوں کو گلدستے پیش کیے گئے۔

بختیار خٹک نے استقبالیہ کلمات پیش کرتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات نے پاکستانیوں کو جو عزت دی ہے وہ قابل تعریف ہے۔

مہمان خصوصی حسین محمد، پختون ویلفیئر کے صدرانجینئرزبیرخان،عبداللہ خان اور دیگر مہمانوں نے متحدہ عرب امارات کے حکمرانوں اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ امارات ہمارا دوسرا گھر ہے اور ہم اس گھر کے تحفظ اور ملک کی ترقی کے لیے اپنی تمام ممکنہ کوششیں بروئے کار لائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پوری دنیا متحدہ عرب امارات کی ترقی کو تسلیم کرتی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ پاکستان میں یو اے ای جیسی ترقی اور خوشحالی ہو اور ہم پاکستان اور یو اے ای کی دوستی کو مزید فعال دیکھنا چاہتے ہیں۔

تقریب میں تیمور خان، شبیر مرچنٹ، شیر اکبر آفریدی،محمد ثقلین، سید سلیم اختر، مقبول حسین، یاسمین کنول، رئیس قریشی، امجد خان، وقار خان اور دیگر نے شرکت کی۔

تقریب میں عہدے داروں کو اعزازی اسناد، شیلڈز اور تحائف تقسیم کیے گئے- آخر میں شرکائے تقریب اورعہدے داروں نے مل کر کیک کاٹا اور امارات کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی۔

پختون بزنس کمیٹی
Comments (0)
Add Comment