جدہ میں ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2024 کا شاندارآغاز

جدہ (رپورٹ:سارہ عمر) ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے چوتھے ایڈیشن کا باوقار آغاز ہو گیا۔ یہ فیسٹیول دنیا بھر سے فلم سازوں، اداکاروں اور سینما کے شائقین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کر کے فلمی دنیا کا جشن منا رہا ہے۔

فیسٹیول کا افتتاح جدہ کے تاریخی علاقے میں کیا گیا، جہاں مقامی اور بین الاقوامی فلمی شخصیات نے ریڈ کارپٹ پر جلوے بکھیرے۔ افتتاحی تقریب میں نا صرف بالی وڈ کے مشہور ستارے رنویر سنگھ، عامر خان اور کرینہ کپور شریک ہوئے بلکہ ہالی ووڈ اور عرب دنیا کے نمایاں ستارے بھی اس ایونٹ کا حصہ بنے۔

ہالی ووڈ کی طرف سے معروف اداکار ون ڈیزل، جیسکا چیستین، کیٹ بلانشیٹ اور جیسن موموا نے شرکت کی، جنہوں نے سینما کی عالمی اہمیت اور سعودی عرب کی اس کاوش کو سراہا۔ عرب دنیا کی جانب سے مصری اداکارہ یسرہ، لبنانی گلوکار راغب علامہ اور مراکشی اداکارہ ہند صبری نے فیسٹیول کی زینت بڑھائی۔پاکستانی فلمی صنعت کے ستارے بھی اس فیسٹیول میں نظر آئے۔

فیسٹیول کے دوران ریڈ سی فلم فاؤنڈیشن کی بورڈ آف ٹرسٹیز کی چیئرپرسن جمانہ الرشید بھی موجود تھیں، جنہوں نے اس تقریب کی اہمیت اور سعودی سینما کی ترقی میں اس فیسٹیول کے کردار کو اجاگر کیا۔ اس کے علاوہ مشہور ہدایت کار اسپائیک لی، جو ”ریڈ سی فیچر فلم کمپٹیشن“جیوری کے چیئرمین ہیں، نے بھی اپنی موجودگی سے تقریب کو چار چاند لگائے۔

یہ فیسٹیول 14 دسمبر 2024 تک جاری رہے گا، جس میں دنیا بھر کے نامور ستارے شرکت کریں گے اور مختلف ثقافتوں کی نمائندگی کرتے ہوئے سینما کی اہمیت کو اجاگر کریں گے۔ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران 32 ممالک سے 142 فلمیں پیش کی جائیں گی، جن میں طویل اور مختصر دونوں اقسام شامل ہیں۔

اس سال کا مرکزی موضوع ”نئی کہانیاں، نئے چہرے“ ہے، جو مختلف ثقافتوں اور نقطہ نظر کو اجاگر کرنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔

فیسٹیول کے ڈائریکٹر، محمد الترکی نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ یہ فیسٹیول سعودی عرب کی فلمی صنعت کو دنیا کے سامنے پیش کرنے اور عالمی سینما کے ساتھ نئے روابط قائم کرنے کا ایک اہم موقع ہے۔ ہم فلم سازوں اور شائقین کے لیے ایک منفرد تجربہ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔

افتتاحی رات کو سعودی عرب کی فلم ”وکھری“ کی خصوصی اسکریننگ کی گئی، جو سعودی فلم سازوں کی تخلیقی صلاحیتوں کا ایک عمدہ نمونہ ہے۔ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول نہ صرف فلموں کی نمائش بلکہ فلم سازی، کہانی نویسی، اور اداکاری پر مبنی ورکشاپس اور پینل ڈسکشنز کا بھی اہتمام کرے گا۔

یہ فیسٹیول نا صرف علاقائی بلکہ بین الاقوامی فلمی صنعت کے لیے ایک یادگار لمحہ ثابت ہو رہا ہے۔

Red Sea FF 2024ریڈ سی انٹرنیشنل فلم فیسٹیول 2024
Comments (0)
Add Comment