چین اور روس ہمیشہ عدم تصادم کے صحیح راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں، چینی صدر

دونوں ممالک کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد مسلسل بلند ہو رہا ہے، شی جن پھنگ

بیجنگ (ویب ڈیسک) چین کے صدر شی جن پھنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے نئے سال کے موقع پر تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔منگل کے روز شی جن پھنگ نے چینی حکومت اور عوام کی جانب سے صدر پوٹن اور روسی عوام کو دلی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شی جن پھنگ نے نشاندہی کی کہ 2024 میں چین اور روس کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی گئی اور یہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں ایک نیا اہم سنگ میل ہے۔آج ، چین اور روس کے تعلقات مزید پختہ اور مستحکم ہو گئے ہیں۔

اس صدی کی تیز رفتار تبدیلیوں اور ہنگامہ خیز بین الاقوامی صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے، چین اور روس ہمیشہ عدم صف بندی، عدم تصادم اور کسی تیسرے فریق کو نشانہ نہ بنانے کے صحیح راستے پر ہاتھ ملا کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ ایک سال کے دوران، دونوں رہنماوں نے بیجنگ، آستانہ اور کازان میں تین بار ملاقاتیں کی، ٹیلی فون اور خطوط سمیت مختلف ذرائع سے رابطے کو برقرار رکھا، دو طرفہ تعلقات اور مشترکہ تشویش کے اہم بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر کھل کر تبادلہ خیال کیا، اور وسیع اتفاق رائے پایا گیا۔

دونوں سربراہان کی حکمت عملی کی رہنمائی میں، چین اور روس کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد اور تزویراتی تعاون مسلسل بلند ہو رہا ہے ، دونوں ممالک کے درمیان مشرقی لائن قدرتی گیس پائپ لائن مکمل طور پر فعال ہے اور مختلف شعبوں میں عملی تعاون کے مزید واضح نتائج سامنے آئے ہیں۔ چین اور روس کے ثقافتی سال کا کامیابی سے آغاز ہوا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔ فریقین شنگھائی تعاون تنظیم، اور گلوبل ساؤتھ میں اتحاد اور تعاون کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

صدر پوٹن نے صدر شی جن پھنگ کو نئے سال اورجشن بہار کی دلی مبارکباد پیش کی اور چینی عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پوٹن نے کہا کہ گزشتہ سال روس اور چین نے مشترکہ طور پر عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 75ویں سالگرہ اور روس اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ منائی۔ ہماری تین کامیاب ملاقاتوں نے نئے دور میں روس چین جامع اسٹریٹجک شراکت داری میں نئی پیش رفت کی ہے۔ معیشت، تجارت، توانائی، نقل و حمل، سائنس اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں دونوں فریقوں کا باہمی فائدہ مند تعاون منظم انداز میں آگے بڑھ رہا ہے۔

روس چین ثقافتی سال کے کامیاب آغاز نے دونوں ممالک کے لیے افرادی تبادلے کو وسعت دینے کے مزید نئے مواقع پیدا کیے ہیں۔انہوں نے نئے سال کے موقع پر صدر شی جن پھنگ کے ساتھ قریبی طور پر کام کرنے کی خواہش ظاہر کی تاکہ دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کی مسلسل ترقی کو مشترکہ طور پر فروغ دیا جا سکے، اور کثیر الجہتی پلیٹ فارمز پر دونوں ممالک کے تعاون کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔ اسی دن چینی وزیر اعظم لی چھیانگ اور روسی وزیر اعظم میشوسٹن نے بھی نئے سال کے تہنیتی پیغامات کا تبادلہ کیا۔

Comments (0)
Add Comment