تقریب میں اوسلو کی مساجد اور ویلفیئر تنظیموں کے عہدے داران کی بھرپور شرکت
اوسلو( رپورٹ:عقیل قادر)اوسلو مسلم سینٹر فروست میں الخدمت یورپ کے زیر اہتمام الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدرعبدالشکورکے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا،تقریب میں اوسلو کی مساجد اور ویلفیئر تنظیموں کے عہدے داران نے بھرپور شرکت کی ۔
تقریب کاآغاز تلاوت قرآن پاک سے ڈاکٹر حامد فاروق نے کیا جبکہ نعت رسول اللہ صلی اللہ علیہ والہ وسلم حافظ اسلم حق نے پڑھی، ڈاکٹر حامد فاروق نے الخدمت یورپ کے حوالے سے مفصل تعارف بھی کرایا اور اس موقع پر غزہ میں امدادی کاموں کے حوالے سے ڈاکومنٹری فلم بھی دکھائی گئی ۔
تقریب سے مسلم سینٹر فروست کے صدرراجہ مجید ،الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے نائب صدرعبدالشکور ،مولانا محبوب الرحمن ،جماعت اہل سنت ناروے مسجد کے امام سید نعمت علی شاہ اور دیگر نے خطاب کیا،مہمان گرامی عبدالشکور نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا اورالخدمت کے بارے میں بتایا کےفاؤنڈیشن پاکستان میں کس طرح کام کر رہی ہے یورپ میں کیا کیا معاملات ہیں اور خصوصاً انہوں نے ناروے کی ٹیم اور اوسلو میں جو الخدمت کے ساتھ برسوں سے کام کر رہے ہیں ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے بتایا کہ تقریباً 67000 سے زیادہ ویلنٹیئر ہیں جو الخدمت کے ساتھ منسلک ہیں اورتقریباً 30 ہزار سے زیادہ یتیم بچے ہیں جن کو الخدمت سپورٹ کر رہی ہے،الخدمت نے گزشتہ سال ہزاروں کی تعداد میں فوڈ پیکج دیئے، اس کے علاوہ 22 سے زیادہ آغوش سینٹر ہیں ،بہت سارے ہاسپٹلز کام کر رہے ہیں ،الخدمت اکیڈمک سکالرشپ کے ذریعے تقریبا ًایک ہزار سے زیادہ بچوں کو اسکالرشپ دیا گیا ہے،الخدمت واٹر پمپس کا کام بھی کر رہی ہے، ایمبولنسز اور تقریباً 60 سے زیادہ الخدمت کے سکولز ہیں۔
انہوں نے گجرات میں یتیم بچوں کے لیے سنٹر بنانے کی خواہش کا اظہار بھی کیا جس کو حاضرین نے بہت پسند کیا،سید نعمت علی شاہ نے بھی الخدمت کے کام کو سراہا اورکہا کہ جب کبھی بھی آپ کو ہماری ضرورت پڑے تو ہم حاضر ہیں ،اپنی کوشش اور اپنی بساط کے مطابق ہم ضرور الخدمت کی مدد کریں گے،آپ جو کام کر رہے ہیں اس کو ہم بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔
تقریب کا اختتام دعائیہ کلمات کے ساتھ ہو ا،تقریب میں الخدمت یورپ کے سی ای او ڈاکٹر حامد علی فاروق ،صدر عبدالوہاب مجید ،بورڈ ممبر چوہدری رفاقت علی ،ناہید اسلم ،مسلم سینٹر فروست کے صدرراجہ مجید ،محمد صادق ،سید رضوان، چوہدری اسماعیل سرور، گجر شاہد تنویر، حافظ اسلم ،حق فواد جمیل، محمد ناصر گوندل، قاری نور علی سیالوی اور دیگر نے شرکت کی۔