دونوں اطراف کے مابین کوئی جغرافیائی سیاسی تضادات موجود نہیں ہیں، شی جن پھنگ
بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی صدر شی جن پھنگ نے کہا ہے کہ چین اور یورپی یونین کے درمیان مفادات کا کوئی بنیادی ٹکراؤ نہیں ہے اور نہ ہی کوئی جغرافیائی سیاسی تضادات موجود ہیں ، اور چین کو امید ہے کہ یورپی یونین بھی چین کے لئے ایک قابل اعتماد شراکت دار بنے گا۔ منگل کے روز چینی میڈ یا کے مطا بق یورپی کونسل کے صدر انٹونیو کوسٹا کےساتھ ٹیلی فون پر بات چیت میں شی جن پھنگ نے کہا کہ اس سال چین اور یورپی یونین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ ہے۔
چین کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ یورپ کثیر الجہتی دنیا میں ایک اہم قطب ہے اور چین ، یورپی انضمام اور یورپی یونین کی اسٹرٹیجک خودمختاری کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ چین کی اعلیٰ معیار کی ترقی اور کھلا پن چین-یورپی یونین تعاون کے لئے نئے مواقع لائے گا۔ چین اور یورپی یونین کو ایک دوسرے کے لئے اپنے کھلےپن کو وسعت دینا ہوگا اور موجودہ تعاون کے میکانزم کو مضبوط بناتے ہوئے تعاون کے نئے امکانات پیدا کرنےہوں گے۔
کوسٹا نے کہا کہ یورپی یونین چین کےساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کی 50 ویں سالگرہ مناتے ہوئے باہمی مکالمے اور تبادلوں، باہمی اسٹرٹیجک اعتماد اور شراکت داری کو مضبوط بنانےکے لئے تیار ہے تاکہ یورپی یونین-چین تعلقات کا بہتر مستقبل تخلیق کیا جائے،یورپی یونین بات چیت اور مشاورت کے ذریعے چین کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تنازعات کو مناسب طریقے سے حل کرنے کی خواہاں ہے۔
یورپی یونین اور چین دونوں اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں کا احترام کرتے ہیں، کثیر الجہتی اور آزاد تجارت کی حمایت ہیں، اور بلاک محاذآرائی کی مخالفت کرتے ہیں.فریقین کو مسابقت کے بجائے تعاون کرنا چاہیئے۔فریقین نے یوکرین صورتحال سمیت دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔