شہید ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا ،پاکستان پیپلز پارٹی ناروے

اوسلو(عقیل قادر)پاکستان پیپلز پارٹی ناروے کے راہنماؤں نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کی سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک مشترکہ بیان میں شہید قائد کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ۔

تفصیلات کے مطابق پی پی پی ناروے کے صدر چوہدری جہانگیر نواز ،جنرل سیکرٹری علی اصغر شا ہد، سینئر نائب صدر چوہدری اسمائیل سرور بھٹیاں، نائب صدر چوہدری محمد اشرف، انفارمیشن سیکرٹری راجہ عاشق حسین، جوائنٹ سیکرٹری عثمان اصغر ، سینئر رہنما میاں محمد اسلام ،محمد الیاس کھوکھر، رفیع اللہ ،راجہ سلیم، چوہدری عجب خان ،قمر پسوال ڈاکٹر غیاث،شیخ طارق محمود نے کہا ہےکہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے اپنے دور اقتدار میں بے پناہ کارنامے انجام دیئے۔

انہوں نے 1973ء میں ملک کو پہلا متفقہ آئین دیا، پاکستان کو ایٹمی صلاحیت سے مالامال کرنے کیلئے ایٹمی ٹیکنالوجی حاصل کرنے کی بنیاد رکھی۔

ذوالفقار علی بھٹو نے دنیا کے 77 ترقی پذیر ممالک کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کیا،اسلامی سربراہ کانفرنس کا انعقاد کیا،اقوام متحدہ میں جس طرح ذوالفقار علی بھٹو نے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کیا کوئی اور لیڈر آج تک ویسے نہیں کر سکا۔ 5 فروری کو یوم کشمیر کے طور پر منسوب اور شملہ معاہدہ انہی کے کارنامے ہیں۔

بھاری صنعتوں ،بینکوں اورتعلیمی اداروں کو قومی تحویل میں لے کر سرمایہ داروں کے چنگل سے آزاد کرنا ذوالفقار علی بھٹوکے بڑے کارناموں میں شامل ہے ۔

زرعی اصلاحات، سستی ٹرانسپورٹ ،خوراک بنیادی مراکز صحت کا قیام اور غریبوں کے لئے علاج کی مفت سہولت، تعلیم اور علاج کے لئے بجٹ کا 43فیصد مختص کرنابھی ذوالفقار علی بھٹوکےکارنامے ہیں۔پاکستانی عوام کو شناخت دینے کے لیے قومی شناختی کارڈ بنوانے کے لیے قانون سازی اور دیگر اصلاحات کا سہرہ بھی ذوالفقار علی بھٹوکے سرجاتا ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی راہنماؤں نے کہا ہے کہ پاکستان کے اُفق کے اس چمکتے ستارے کو راولپنڈی ڈسٹرکٹ جیل میں 4اپریل 1979ء کو پھانسی دیدی گئی لیکن پاکستان کی سیاست آج بھی ذوالفقار علی بھٹوسحرانگیزکی شخصیت کے گرد گھومتی ہے۔

Comments (0)
Add Comment