کشمیر کے بغیر، پاکستان نامکمل ہے، دعا ہے ہماری زندگیوں میں کشمیر پاکستان بن جائے، سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال کا خطاب
کویت (محمد عرفان شفیق سے) سفارتخانہ پاکستان میں 5 فروری کو "یوم یکجہتی کشمیر” منایا گیا، اس سلسلہ میں سفارتخانہ کے آڈیٹوریم میں ایک تقریب منعقد ہوئی، کویت میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی معروف سماجی و کاروباری شخصیات نے تقریب میں شرکت کی، کمپیئرنگ کے فرائض سفارتخانہ کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر نے انتہائی احسن طریقہ سے انجام دئیے۔
انہوں نے یوم یکجہتی کشمیر کا پس منظر اور اہمیت بیان کی سفارتخانہ کے اسٹاف ممبر حافظ عامر سلمان کی تلاوت قرآن کریم سے کارروائی کا باقاعدہ آغاز ہوا، اس موقع پر ایک دستاویزی فلم بھی پروجیکٹر اسکرین پر دکھائی گئی جس میں نہتے کشمیریوں پر انڈین فوج کے مظالم اور کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی عکاسی کی گئی تھی۔
سفارتخانہ میں پاسپورٹ سیکشن کے انچارج عثمان نواز نے صدر پاکستان آصف علی زرداری، وزیر اعظم میاں شہباز شریف اور ڈپٹی وزیراعظم اسحاق ڈار کے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے پیغامات پڑھ کر سنائے، ان رہنماؤں نے پاکستان کے دیرینہ موقف کا اعادہ کیا کہ پاکستان دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
عزت مآب سفیر پاکستان ڈاکٹر ظفر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہزاروں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کیلئے دی جانے والی جانی قربانیوں کو سلام کرتا ہے اور کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خود ارادیت حاصل ہونے تک دنیا کے ہر فورم پر ان کی اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے، ان کی دعا ہے کہ ہماری زندگیوں میں کشمیر پاکستان کا حصہ بن جائے، آخر میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی حمزہ توقیر نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا ۔