بوہرہ تاجر برادری کے ایک وفد کی قونصلیٹ آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسین محمد سے ملاقات

ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال

دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار

قونصل جنرل نے وفد کو تجارتی عمل کو ہموار کرنے میں قونصل خانے کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی

دبئی (طاہر منیر طاہر) متحدہ عرب امارات میں مقیم بوہرہ تاجر برادری کے ایک وفد نے قونصلیٹ آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسین محمد سے ملاقات کی۔ وفد کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں مشیر تجارت اور سرمایہ کاری علی زیب خان بھی موجود تھے۔

ملاقات میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ مرکوز کی گئی جس میں پاکستان سے درآمدات میں اضافہ بالخصوص ٹیکسٹائل، تازہ پھلوں اور سبزیوں، قیمتی پتھروں اور دیگر اجناس جیسے اہم شعبوں کے بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے کے لیے نئی راہیں تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔قونصل جنرل حسین محمد نے وفد کی تجاویز کا خیرمقدم کیا اور پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان اقتصادی تعاون کو فروغ دینے والے کاروباری اقدامات کی سہولت اور معاونت کے لیے قونصل خانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے وفد کو تجارتی عمل کو ہموار کرنے میں قونصل خانے کے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دورے پر آئے ہوئے کاروباری رہنماؤں نے قونصل خانے کے تعاون اور سہولت کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اعتماد کا اظہار کیا۔

بوہرہ تاجر برادریقونصل جنرل حسین محمد
Comments (0)
Add Comment