اسلام آباد (محمد عبداللہ شہزاد) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی فخر زمان کی انجری کے بعد ٹیم میں ایک اضافی اسپنر کو شامل کرنا چاہتے تھے، تاہم سلیکٹرز نے ان کی رائے کے برخلاف امام الحق کو اسکواڈ میں شامل کر لیا۔دلچسپ بات یہ ہے کہ عثمان خان کی صورت میں ایک مستند اوپنر پہلے ہی اسکواڈ کا حصہ ہیں، لیکن انہیں پلیئنگ الیون میں موقع نہیں دیا جا رہا۔
ایسے میں امام الحق کی شمولیت نے سلیکشن کمیٹی کے فیصلے پر سوالات اٹھا دیے ہیں،ذرائع کے مطابق محسن نقوی ٹیم میں اسپن آپشن کو مضبوط کرنا چاہتے تھے، تاکہ کنڈیشنز کا بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے، مگر سلیکٹرز نے ان کی تجویز کو نظر انداز کرتے ہوئے امام الحق کو اسکواڈ میں شامل کر لیا۔
یہ فیصلہ شائقین کرکٹ اور ماہرین کے درمیان بحث کا باعث بن گیا ہے، کیونکہ ٹیم میں پہلے سے ہی ایک اضافی اوپنر موجود ہے، جسے پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا جا رہا۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ امام الحق کو موقع دیا جاتا ہے یا پھر وہ بھی بینچ پر بیٹھنے پر مجبور ہوں گے۔