آسٹریلیا کی جانب سے چینی بحری جہازوں کی مشقوں پر بیانات حقائق کے منافی ہیں،چینی وزارت دفاع

چین نے مشقوں کے حوالے سے پیشگی طور پر بار بار حفاظتی نوٹس جاری کئے، ترجمان

بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی وزارت دفاع کے ترجمان وو چھیئن نے اتوار کے روز آسٹریلیا کی جانب سے چینی بحری جہازوں کی حالیہ مشقوں کے بارے میں بیانات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آسٹریلیا کے بیانات حقائق سے مکمل طور پر متصادم ہیں۔ چینی بحری جہازوں کی مشقیں آسٹریلیا کے ساحل سے دور، مکمل طور پر بین الاقوامی پانیوں میں کی گئی تھیں۔

اس دوران چین نے پیشگی طور پر  بار بار حفاظتی نوٹس جاری کرنے کے بعد، بحری توپوں کے ذریعے لائیو فائر مشق کی۔ چین کے اقدامات بین الاقوامی قانون اور  نظم و ضبط کے عین مطابق تھے اور   ایوی ایشن سیفٹی پر کوئی اثر نہیں ڈالتے۔ چین آسٹریلیا کی بے بنیاد الزامات اور جان بوجھ کر اس معاملے کو بڑھانے پر سخت عدم اطمینان کا اظہار کرتا ہے۔

چین امید کرتا ہے کہ آسٹریلیا دونوں ممالک اور دونوں فوجوں کے تعلقات کو معروضی اور معقول انداز میں دیکھے گا، زیادہ خلوص اور پیشہ ورانہ رویہ اپنائے گا، اور صحیح معنوں میں دونوں ممالک اور دونوں فوجوں کے تعلقات کی مستحکم ترقی کے لیے عملی اقدامات کرے گا۔

Comments (0)
Add Comment