ڈبلن آئرلینڈ (وسیم بٹ سے) تحریک منہاج القرآن انٹرنیشنل آئرلینڈ کے زیر اہتمام ڈبلن میں شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی 74 ویں سالگرہ کی تقریب منہاج القرآن آئرلینڈ کے نائب صدر ڈاکٹر عبدالقدیر کی رہائش گاہ ڈبلن میں انعقاد پذیر ہوئی جس میں منہاج القرآن آئرلینڈ کے رفقاء و اراکین۔ایگزیکٹو کمیٹی کے عہدے داران کے علاوہ اہم شخصیات نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔
تقریب کا آغاز حافظ تنویر حسین نے تلاوت قران پاک سے کیا نعت خواں حضرات میں نوید ناصر بٹ ،سید امانت حسین شاہ ،جمشید احمد ،انوار الحق اور ڈاکٹر عبدالقدیر نے حضور نبی کریمؐ کی بارگاہ اقدس میں گلہائے عقیدت پیش کیے جبکہ نقابت کے فرائض محی الدین نے ادا کیے۔
مقررین میں امیر تحریک علامہ محمد عدیل ،صدر منہاج القرآن آئرلینڈ وسیم بٹ، منہاج نیشنل ایڈوائزری کمیٹی آئرلینڈ کے چیئرمین اور معروف قانون دان سولسٹر چوہدری عمران خورشید اور ڈپٹی سیکرٹری محی الدین نے شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی علمی، فکری ،تحریکی اور تحقیقی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ الاسلام نے اسلام کے روشن چہرے پر پڑ جانے والی گرد کو صاف کرنے اور اپنے فکر عمل اور خداداد علمی صلاحیت کے ذریعے پوری دنیا میں ہر پلیٹ فارم پر اسلام کے دفاع کے لیے فکری و نظریاتی اور علمی و عملی محاذوں پر مصروف جدوجہد ہیں ۔
شیخ الاسلام اپنی تنظیمی ، انتظامی ،تحقیقی ،تبلیغی اور روحانی خدمات کے ذریعے شرق تا غرب اسلام کے پیغام محبت و امن کو کامیابی کے ساتھ پہنچا رہے ہیں، شیخ الاسلام نے سینکڑوں کتب ، ہزاروں تلامذہ اور لاکھوں چاہنے والوں کے ذریعے اسلام کی حقیقی تعلیمات جس باوقار انداز سے پھیلانے کا ہمہ گیر نظام واضح کیا ہے اس کی مثال صدیوں پر مشتمل دور زوال میں کہیں میسر نہیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ شیخ الاسلام کی ان ہمہ جہت خدمات کو بغور دیکھا جائے تو یہ اعتراف کرنا پڑتا ہے کہ وہ اس دور میں اللہ تعالی کی حجت اور نبی اکرمؐ کی شان اعجاز کا مظہر ہیں قدرت نے شیخ الاسلام کو وہ اعجاز نطق دیا ہے جس کی تاثیر ذہنوں کے ذریعے روحوں میں اتر چلی جاتی ہے ،زبان و بیان کے دلائل برہانی سے مزین کر کے جب لب کھولتے ہیں تو مخاطب کا تفاخر علمی دم بخود ہو کر ان کی رفعت علم کے سامنے سجدہ ریز ہو جاتا ہے ۔
آخر میں شیخ الاسلام کی 74 ویں سالگرہ کا کیک درود و سلام کی گونج میں کاٹا گیا ،صدر تحریک منہاج القرآن آئرلینڈ وسیم بٹ نے تمام شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کیا اور امیر تحریک علامہ محمد عدیل نے تمام عالم اسلام وطن عزیز پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور شیخ الاسلام ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی صحت و تندرستی کے لیے خصوصی دعا بھی کروائی ۔