اوسلو (رپورٹ:عقیل قادر) اوسلو میں الخدمت یورپ کے زیر اہتمام فلسطین کی مظلوم اور بے سہارا عوام کی امداد کے لیے ایک شاندار فنڈریزنگ ایونٹ کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب میں اوسلو و گردنواح سے خواتین و حضرات نے بھرپور جذبے کے ساتھ شرکت کی اور دل کھول کر عطیات دیئے۔ فنڈریزنگ کا باقاعدہ آغاز قاری عبداللہ خان نے تلاوت قرآن پاک سے کیا اور مریم رسول نے بارگاہ رسول ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کی۔
خواتین و حضرات کی کثیر تعداد نے ایونٹ کی کامیابی میں اہم کردار اداکیا، تمام شرکاء نے نہ صرف مالی تعاون کیا بلکہ فلسطینی عوام کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔
تقریب سے میاں وقاص وحید، ڈاکٹر عدیل ریاض، صلاح الدین چوہدری، چوہدری اسماعیل سرور بھٹیاں، چوہدری وسیم شہزاد معروف، ڈاکٹر حامدفاروق اور دیگر نے خطاب کیا۔
مقررین نے فلسطین میں جاری انسانی بحران پر روشنی ڈالتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کی بھرپور مدد کرے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ الخدمت یورپ دیگر فلاحی اداروں کے ساتھ مل کر فلسطین کے مظلوم عوام کی آواز بن کر ان کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔