منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیراہتمام بادالونا میں بڑا اجتماع،بڑی تعداد میں فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیراہتمام بادالونا میں بڑا اجتماع،بڑی تعداد میں فرزندان اسلام نے نماز عید ادا کی

بادالونا (کاشف شہزاد سے) دنیا کے دیگر کئی ممالک کی طرح سپین میں بھی عید الفطر نہایت ہی عقیدت و احترام اور روایتی جوش خروش سے منائی جارہی ہے، منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین کے زیر اہتمام بادالونا میں کھلے آسمان تلے بڑا اجتماع تھا جہاں بڑی تعداد میں فرزندان اسلام نے نماز عید باجماعت ادا کی ۔

انٹرنیشنل خطیب علامہ عبدالرشید شریفی اور قاری عطا المصطفیٰ نے نماز عید کی امامت کرائی، انٹرنیشنل خطیب علامہ عبدالرشید شریفی نے اپنے خطبہ میں ماہ مقدس کے بعد عید الفطر کی فضیلت بیان کی اورعالم اسلام کی بقا و سلامتی ملک پاکستان اور سپین کی خوشحالی ترقی اور فلسطین کشمیر کے لیے خصوصی دعائیں کیں ۔

انتظامیہ نے بارسلونا مقامی ادارے کے سپینش مہمانوں اور قونصل جنرل آف پاکستان بارسلونا مراد علی وزیر کو خوش آمدید کہتے ہوئے پھولوں کے گلدستے پیش کیے جبکہ قونصل جنرل آ ف پاکستان مراد علی وزیر نے اپنے پیغام میں کہا کہ آئیے مل کر ایک ساتھ ایک آواز ہو کر اپنے ملک اور قوم کے ساتھ کھڑے ہوں۔

ان لوگوں کا ساتھ دیں جو دہشتگردی کے خلاف لڑ رہے ہیں اور جو سوشل میڈیا پہ تنقید کر رہے ہیں اور گالم گلوچ کر رہے ہیں ان سے اجتناب کریں، قونصل جنرل اف پاکستان نے پاکستان زندہ باد کے نعرے بھی لگوائے اور کمیونٹی کو عید کی مبارکباد دی اور نماز عید کے بعد لوگوں کو گلے ملے اور مبارکباد دیتے رہے انکے ہمراہ ویلفئر قونصلر سالک گوندل اور کمیونٹی کے نمائندے بھی موجود تھے ۔

بچے خاص طور پر عید کی نماز ادا کرنے اپنے والدین کے ہمراہ تھے اور خوشی اور مسرت کا اظہار کر رہے تھے اور ایک دوسرے کو عید کی مبارکباد دیتے رہے ۔

منہاج القرآن انٹرنیشنل سپین عید الفطر
Comments (0)
Add Comment