تنظیم کے آن لائن اجلاس میں مختلف نکات پر گفتگو کے بعد اہم فیصلے کیے گئے
ڈبلن آئرلینڈ (ریشم بیگ سے) پاکستانی صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس (IAPJ) کا ایک آن لائن اجلاس منعقد ہوا جس میں (IAPJ) کے ایگزیکٹو ممبران نے خصوصی طور پر شرکت کی ۔جس کی صدارت ساوتھ افریقہ میں مقیم تنظیم کے مرکزی صدر شاہد چوہان نے کی، جبکہ برطانیہ سے وسیم چوہدری سینئر نائب صدر آئرلینڈ سے وسیم بٹ، سویڈن سے حافظ عمران، ہالینڈ سے جاوید عظیمی، سکاٹ لینڈ سے کیپٹن فرید انصاری، برطانیہ سے عرفان فراز، جرمنی سے رضوان خان، بیلجیئم سے عظیم ڈار، سعودیہ سے خالد نواز چیمہ، آئرلینڈ سے ریشم بیگ کے علاوہ دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس کا باقاعدہ آغاز جاوید عظیمی نے تلاوت قرآن پاک سے کیا جبکہ نقابت کے فرائض ڈپٹی جنرل سیکرٹری ریشم بیگ نے ادا کرتے ہوئے تمام معزز شرکاء کو خوش آمدید کہا اور اجلاس کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے آپ سب شرکاء کا دل کی اتہاہ گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتی ہوں کہ آپ سب نے اتنے شارٹ نوٹس پر اس اجلاس میں شرکت فرما کر IAPJ کے ساتھ خلوص نیت سے کام کرنے اور اسے مزید ترقی و بلندیوں تک پہنچانے کا ثبوت پیش کیااور میں امید کرتی ہوں کہ آپ آئندہ بھی IAPJ کی ترقی اور کامیابی کے لیے اسی طرح اپنا اہم کردار ادا کریں گے۔
صدر شاہد چوہان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ہفتے پاکستان میں منعقد ہونے والا اوورسیز کنونشن اوورسیز پاکستانیوں کے لیے بڑی اہمیت کا حامل ہے جس میں آئی اے پی جے کا وفد خصوصی طور پر شرکت کرنے کیلئے پاکستان روانہ ہوگا۔ انہوں نے مختلف معاملات کے لیے چند کمیٹیاں تشکیل دینے کی بھی ہدایات کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صحافت ایک ذمہ دارانہ پیشہ ہے ایک سچا صحافی معاشرے میں اعلیٰ شعور و اقدار کو فروغ دے کر قومی یکجہتی کے پر وقار جذبے کو پروان چڑھانے میں معاون ثابت ہوتا ہے، اس لیے ہمارا فرض بنتا ہے کہ ہم اپنی ریاست اور اپنے اداروں کا مثبت چہرہ دنیا کے سامنے پیش کریں۔
اجلاس میں شرکاء کی طرف سے پیش کی جانے والی مختلف تجاویز پر بھی غور کیا گیا اور IAPJ کے پلیٹ فارم کے ذریعے اوورسیز صحافیوں کی خدمات اور انکی شناخت کیلئے عملی کردار ادا کرنے کا فیصلہ ہوا،آخر میں جاوید عظیمی نے تمام عالم اسلام وطن عزیز پاکستان اور IAPJ کی ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کروائی ۔