سفارت خانہ پاکستان میں افواج پاکستان کی بہادری و جرأت اور معرکہ حق کی شاندار کامیابی کے سلسلہ میں تقریب کا انعقاد
اوسلو(نمائندہ خصوصی)سفیر پاکستان سعدیہ الطاف قاضی کی قیادت میں 16مئی سفارت خانہ پاکستان ناروے کے دارالحکومت اوسلو میں افواج پاکستان کی بہادری و جرأت اور معرکہ حق کی شاندار کامیابی کے سلسلہ میں سیلیبریشن کا اہتمام کیا گیا، اس پُر مسرت تقریب کا آغاز باقاعدہ قرآن مجید کی تلاوت سے ہوا، جسکا شرف اسلامک کلچرل سنٹر ناروے آلنہ کے امام و خطیب محترم چوہدری مولانا مفتی محمد عمران اسجد كو حاصل ہوا ،سٹیج سیکرٹری کے فرائض سفارتخانہ میں کمیونٹی کونسلر محترم آصف حمید نے ادا کیے۔
سفیر پاکستان نے سب کی موجودگی میں قومی ترانے کے ساتھ پرچم کشائی کی ،حضور اقدس صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان میں نظرانہ عقیدت محترم عبدالمنان نے پیش کیا، چھوٹے بچوں اور بچیوں نے بہترین انداز میں ملی نغمہ ہر دل کی آواز پاکستان پیش کیا ،اردو شاعری کے مصنف محترم ادریس لاہوری نے افواج پاکستان کے لیے نظم تحریر کی جو انہوں نے سامعین کے سامنے پیش کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرنل طاہر ندیم نے کہا کہ الحمدللہ میں بذات خود ایک ریٹائرڈ فوجی ہوں، آپ سب کو بتانا چاہتا ہوں پاکستان کا دفاع ناقابلِ تسخیر ہے، اس میں کوئی شبہ نہیں کہ افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت قربانی بہادری و جرأت جذبہ ایثار دشمن کے ہر عزائم کو ناکام بنانے کی ضمانت ہے، آصف حمید نے کہا ہم ایک پُرامن قوم ہیں جس کو پوری دنیا جانتی ہے لیکن جب ہمیں للکارا جاتا ہے انڈیا کی طرف سے تو ہماری پوری قوم جواب دیتی ہے، پوری قوم بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے اور افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے کہا ہماری مسلح افواج نے سیسہ پلائی دیوار بن کے دشمن کا مقابلہ کیا جوقابل ستائش ہے ہماری مسلح افواج نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا یہ جیت پوری دنیا کے لیے پیغام ہے کہ ہم اپنا دفاع کرنا بخوبی جانتے ہیں، یومِ تشکراُنہی ہیروز کے نام جن کی قربانیوں سے ہم آج آزاد ہیں، سلام اُن سپاہیوں کو جو ہر دن ہماری خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں پاک فوج قوم کی ڈھال فخر و وقار ہے میں۔انہوں نے کہا کہ میں افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں ۔
جماعت اہلسنت ناروے کے امام و خطیب محترم سید نعمت علی شاہ بخاری نے اجتماعی دعا فرمائی، اللہ رب العزت ہمارے ان جانباز سپاہیوں کی حفاظت فرما جو تیرے دین اسلام کی سربلندی اور وطن عزیز پاکستان کی سلامتی کے لیے دشمنوں سے برسرپیکار ہیں انکے حوصلے بلند فرما ،انکے قدموں کو استقامت عطا فرما، افواج پاکستان کو ہر محاذ پر کامیابی اور حفاظت عطاء فرما ،اللہ رب العزت سے دعا ہے ہمارے جتنے فوجی جوان اس وقت ہسپتال میں زیر علاج ہیں ان سبکو صحت کاملہ و عاجلہ مستعملہ اور ایمان و یقین والی زندگی عطا فرما ،جن ہمارے شاہینوں نے مادر ملت کی سرزمین کے لیے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں اللہ رب العزت ان سبکی شہادتوں کو اپنی بارگاہ الہی میں قبول و منظور فرمائے آمين، اللہ ہمارے ملک و قوم اور افواج پاکستان کی حفاظت فرما ،اسےظالموں فتنوں اور دشمنوں کے شر سے محفوظ فرما ہمیں حق سچ عدل اور رحم پر قائم رکھ اور ہمارے دلوں میں ایمان محبت اور بھائی چارہ پیدا فرما امت مسلمہ کو ایک جسم کی طرح متحد فرما دے اور ہمیں ہر آزمائش میں صبر ہمت و کامیابی عطا فرما ،افواج پاکستان کی حفاظت فرما ،آمين۔
تقریب میں علمائے کرام مساجد اور فلاحی تنظیموں کے ذمہ داران مذہبی سماجی سیاسی افراد کے علاوہ خواتین اور بچوں نے بھرپور شرکت کی ، آخر میں سفیر پاکستان محترمہ سعدیہ الطاف قاضی نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ،انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستانی جہاں بھی ہے پوری دنیا میں سبکو میری طرف سے خصوصی مبارکباد، افواج پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد ۔