سویڈن میں پاکستانی فن و ثقافت کی دھوم، انڈس ہسپتال کے لیے شاندار فنڈ ریزنگ تقریبات

سویڈن میں پاکستانی فن و ثقافت کی دھوم، انڈس ہسپتال کے لیے شاندار فنڈ ریزنگ تقریبات

سفیر پاکستان کی شرکت اور بنیان مرصوص کی کامیابی پر مبارکباد، انڈس ہسپتال کے لیے عطیات کی بھرمار

زبیر حسین کی ٹیم نے مالمو اور اسٹاک ہوم میں بے مثال میزبانی کی، فلاحی خدمات میں ایک اور سنہری باب

مالمو/اسٹاک ہوم (نمائندہ خصوصی) سویڈن کے دو بڑے شہروں، مالمو اور اسٹاک ہوم میں پاکستانی فن و ثقافت کے یادگار اور کامیاب میلے منعقد ہوئے، جس کا بنیادی مقصد انڈس ہسپتال کے لیے فنڈز اکٹھا کرنا تھا۔ ان تقریبات میں معروف اداکارہ بشریٰ انصاری اور مقبول شاعر وصی شاہ کی موجودگی نے محفل کو چار چاند لگا دیے اور پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے بھرپور شرکت اور سخاوت کا مظاہرہ کیا۔

ان تقریبات سے انڈس ہسپتال کے لیے خاطر خواہ فنڈز جمع ہوئے، جو سویڈن میں مقیم پاکستانیوں کی فلاحی سوچ اور حب الوطنی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انڈس ہسپتال کی فنڈ ریزنگ کے لیے منعقدہ ان منفرد اور بامقصد تقریبات میں کامیڈی اور شاعری کا دلکش امتزاج دیکھنے کو ملا۔

انڈس ہسپتال کے بانی ڈاکٹر عبدالباری نے اپنے خطاب میں ہسپتال کے فلاحی مشن کی تفصیلات بیان کیں اور بتایا کہ کس طرح انڈس کے فلاحی سفر کا آغاز ہوا۔ انہوں نے شرکاء کو ہسپتال کی بے لوث خدمات اور ملک بھر میں صحت کی سہولیات کی فراہمی میں اس کے اہم کردار سے آگاہ کیا۔

انڈس ہسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پرویز احمد نے شرکاء کو ہسپتال کے مختلف جاری اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا اور ان کی اہمیت پر روشنی ڈالی، جس میں مزید ہسپتالوں کی تعمیر اور خدمات کی توسیع شامل تھی۔ان دونوں شہروں میں تقریبات کی بہترین میزبانی کے فرائض زبیر حسین کی ٹیم نے سرانجام دیے۔

زبیر حسین نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ ان تقریبات کے تمام تر اخراجات سویڈن میں مقیم پاکستانی مخیر حضرات نے ادا کیے ہیں اور جمع ہونے والی تمام تر رقم براہ راست انڈس ہسپتال کو منتقل کی جائے گی، جو کہ اس فلاحی منصوبے میں مکمل شفافیت کو یقینی بناتا ہے۔

ان کے اس بیان نے شرکاء میں مزید اعتماد پیدا کیا۔دارالحکومت اسٹاک ہوم کی تقریب میں سفیرِ پاکستان بلال حئی نے خصوصی شرکت کی، انہوں نے اپنے خطاب میں بنیان مرصوص کی شاندار کامیابی پر پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کی اور انڈس ہسپتال کی بے لوث خدمات کو سراہا۔

انہوں نے سویڈن میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی فلاحی سرگرمیوں کو بھی سراہا اور انہیں پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔مالمو میں منعقدہ تقریب میں مقامی فنکار حیدر ولید نے اپنے رباب کی دلنشین دھنوں سے سماں باندھ دیا۔ جب مقبول اداکارہ بشریٰ انصاری اور نوجوانوں کے پسندیدہ شاعر وصی شاہ ہال میں تشریف لائے تو شرکاء نے کھڑے ہو کر ان کا پرجوش استقبال کیا۔

بشریٰ انصاری نے اپنی مزاحیہ اداکاری اور خوبصورت گیتوں سے حاضرین کو خوب محظوظ کیا، جس سے محفل میں ہنسی کے قہقہے گونج اٹھے۔ وصی شاہ نے اپنے تازہ کلام سے سامعین سے بھرپور داد وصول کی اور ان کی شاعری نے حاضرین کے دل موہ لیے۔

مالمو میں ظہیر الحسن میتلا اور اسٹاک ہوم میں سعید شیخ نے انڈس ہسپتال کے لیے سب سے زیادہ عطیات کا اعلان کیا، جو کہ ان کی سخاوت اور ہسپتال کے فلاحی مشن پر ان کے گہرے یقین کا مظہر ہے۔ پاکستانی کمیونٹی نے اپنے مہمانوں کی روایتی انداز میں پر تپاک مہمان نوازی کی اور ان کے اعزاز میں شاندار عشائیوں کا اہتمام کیا۔

ان کامیاب تقریبات نے نہ صرف انڈس ہسپتال کے لیے خاطر خواہ فنڈز جمع کیے بلکہ سویڈن میں مقیم پاکستانیوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنے اور اپنی ثقافت اور فن کو فروغ دینے کا بھی موقع فراہم کیا۔ یہ تقاریب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی اپنے وطن سے محبت اور اپنے ہم وطنوں کی فلاح و بہبود کے لیے ان کی گہری وابستگی کو ظاہر کرتی ہیں۔

اسٹاک ہومانڈس ہسپتال فنڈ ریزنگبشریٰ انصاریسویڈنوصی شاہ
Comments (0)
Add Comment