لیڈز (تارکین وطن نیوز ) لارڈ میئر آف لیڈز کونسلر اصغر خان نے کہا ہے کہ اوورسیز پاکستانی اور کشمیری وطن عزیز کا عظیم سرمایہ ہیں جو ہمیشہ ملک وقوم کی خدمت کے جذبے سے سرشار رہتے ہیں، ان کا مزید کہنا تھا کہ انسانیت کی خدمت سب سے بڑی عبادت ہے، ہوپ ویلفیئر ٹرسٹ نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنی فلاحی خدمات کا ایک عظیم کارنامہ سرانجام دیا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہوپ ویلفیئر کی لیڈز میں فنڈ ریزنگ ڈنر کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئےکیا۔
ٹرسٹ کے چیئرمین چوہدری وہاب نے کہا کہ ہوپ ویلفیئر ٹرسٹ نہ صرف آزاد کشمیر کے پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولتیں فراہم کر رہا ہے بلکہ غریب اور بے سہارالوگوں کو تعلیم روٹی کپڑا اور مکان فراہم کر کے غریب اور مستحق لوگوں کی خدمت کر رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیشہ وہی قومیں دنیا میں بلند مقام حاصل کرتی ہیں جو ایک دوسرے کا ساتھ دیتی ہیں اور اپنے مسائل کاحل اپنے وسائل سے کرتی ہیں اور دکھی و بے سہارا لوگوں کی امداد کرکے معاشرے میں تبدیلی لاتی ہیں۔
ہوپ ویلفیئر کے ٹرسٹی ظہور احمد کا کہنا تھا ہوپ ویلفیئر بین الاقوامی فلاحی و رفاہی تنظیم ہے جو معاشرے کےپسے ہوئے طبقات کی منفعت کیلئے ہر شعبہ ہائے زندگی میں مدد و تعاون فراہم کرنے کیلئے پاکستان اوربرطانیہ سمیت پوری دنیا میں کوشاں ہے، انہوں نے عرفان اسلم ،محمد نواز آف ڈیوزبری ، چوہدری یونس تقریب کے ہوسٹ عابد حسین، سابق لارڈ مئیر کونسلر محمد اقبال اور دیگر کا شکریہ ادا کیا، جنہوں نے ہوپ ویلفیئرٹرسٹ کے ساتھ بڑھ چڑھ کر تعاون کیا۔
اس موقع پر ٹرسٹ کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دینے والوں کو ہوپ ویلفیئر کی جانب سے ایوارڈز دیئے گئے۔ چیرٹی ڈنر میں ایک لاکھ پونڈ کی کثیر رقم ڈونیشن کی مد میں لوگوں نےدینے کا وعدہ کیا ،ہوپ ویلفئیر کے منتظمین نے ڈیوزبری اور دیگر شہروں کے عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نےاس چیرٹی ڈنر کی تقریب کو کامیاب کیا ۔