نیویارک(طاہر چوہدری)نیویارک کے معروف پولیٹیکل تھنکر، دانشور، ریفارمراور کمیونٹی کی متحرک شخصیت انجینئر آغا محمد صالح نے نیویارک کے گورنر کا الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔ہماری ریاست میں جمہوریت، انسانی وقار اور خوشحالی کو بحال کریں، اپنے ووٹ اور تعاون سے ہماری مہم کو بااختیار بنا کر۔ یہ آغا صالح کا انتخابی نعرہ ہے۔
آغا محمد صالح پہلے مسلمان، واحد ایشیائی مسلم اور پاکستانی نژاد امریکی ہوں گے، جو نیویارک کے گورنر کا انتخاب لڑیں گے۔
ڈیموکریٹک پارٹی کے ساتھ وابستہ آغا صالح نیویارک کے گورنر کے لیے رواں سال 8 جون کو ہونے والی پرائمرییز میں ڈیموکریٹک پارٹی کے دیگر امیدواروں کے ہمراہ حصہ لیں گے جبکہ گورنر کے عہدے کا حتمی انتخاب 8 نومبر، 2022ء کو ہو گا جس کے لیے کاغذات نامزدگی 7 اپریل تک جمع کرائے جا سکتے ہیں۔
آغا محمد صالح نے ایک انٹرویو کے دوران بتایا کہ وہ پچھلے 25 سال سے نیویارک میں مختلف کمیونٹیز کے لیے امیگریشن و دیگر سوک سہولیات اور انسانی حقوق کی فراہمی میں رہنمائی واعانت فراہم کر رہے ہیں، وہ بہت سے تھنک ٹینکس کے رکن اور صحافت و سیاست کے طالب علموں کے لیے ایک رہنما اتالیق کا کردار بھی نبھا رہے ہیں۔
انہوں نے گورنر نیویارک کے اپنے انتخاب کے حوالے سے بتایا کہ وہ کافی پُرامید ہیں، اس مقصد کے حصول کے لیے وہ انتہائی سنجیدگی کے ساتھ اپنی انتخابی مہم جاری رکھے ہوئے ہیں۔اس سوال کے جواب میں کہ ایسے انتخابات کے لیے کثیر فنڈز اور سرمائے کی بڑی اہمیت ہوتی ہے، کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ان کا کامل یقین ہے کہ جب انسان فلاح کے کسی کام کے لیے نکلتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کے لیے اسباب بھی پیدا کر دیتا ہے۔
نیویارک کے گورنر کے الیکشن میں دیگر کمیونٹیز کے ساتھ ساتھ مسلم اور ایشیائی ووٹ اہم کردار ادا کرے گا،ریاست نیویارک بھی اب ایک سوئنگ سٹیٹ کی شکل اختیار کر چکی ہے، اس لیے نیویارک میں کانگریس کے تمام 27 ڈسٹرکٹس میں مسلمانوں کا یہ بلاک ووٹ فیصلہ کن کردار ادا کرے گا، ان کا کہنا تھا کہ وہ سیاست میں سماجی خدمت، ریفارمز، انسانی خوشحالی اور وقار کو بنیادی اہمیت دینے کے قائل ہیں۔
آغا محمد صالح نیویارک میں ’’سُکھی‘‘ نامی تنظیم کے بانی و ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیں،انہوں نے مختلف کمیونٹیز کے گڑھ جیکسن ہائیٹس (نیویارک) کے ایک حصے کو "پبلک سکوائر” یعنی "ڈائیورسٹی پلازہ” کے نام سے منسوب کروانے کے لیے کافی جدوجہد کی جس میں وہ کامیاب رہے۔وہ نیویارک میں کوئینز کمیونٹی بورڈ – 3 کے 2015ء تا 2019ء ممبر بھی رہے، آغا صالح نیویارک سٹی کونسل کے ڈسٹرکٹ 25 سے گزشتہ انتخابات میں حصہ لینے والی پہلی پاکستانی امریکن فاطمہ باریاب کے والد ہیں۔
پاکستان و کشمیر کاز کے داعی اور لاہور سے تعلق رکھنے والے آغا محمد صالح 1996ء میں پاکستان سے امریکہ آئے تھے، انہوں نے پنجاب یونیورسٹی لاہور سے کیمیکل ا نجینئرنگ میں بی ایس سی کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔