نیویارک(شوبز نیوز)امریکی فلم پروڈیوسر ول پیکر اور انکی معاون شیلا کووان نے کہا ہے کہ یوکرینی نژاد امریکی اداکارہ میلا کیونس کو آسکرز ٹیلی کاسٹ پریزینٹرز کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔
اس حوالے سے ول پیکر کی کمپنی کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ میلا کیونس 27 مارچ کو ہونے والے آسکرز میں بطور پریزینٹر شریک ہونگی۔
واضح رہے کہ میلا کیونس معروف ہالی ووڈ اداکار ایشٹن کوچر کی اہلیہ ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے کے مطابق اس فہرست میں جو دیگر سلیبریٹیز شامل ہیں ان میں جان ٹریوولٹا اور ویلزی اسنائپس موجود ہیں۔ یہ شو دو ہفتے بعد (اتوار 27 مارچ کو) ہوگا۔
دوسری جانب شو کے منتظمین کافی دباؤ میں ہیں کہ کس طرح اس کی گرتی ہوئی ریٹنگ کو بہتر بنائیں۔اس کی وجہ یہ ہے کہ گزشتہ برس کا شو اس حوالے سے نہایت ہی نچلے درجے پر رہا تھا۔