دبئی:پوٹھوہاری کمیونٹی یو اے ای کی طرف سے تقریب کا اہتمام، تمام ریاستوں سے پوٹھوہاریوں کی شرکت

تین سال قبل پوٹھوہاری کمیونٹی کے چند دوستوں نے مل کر بنیاد رکھی، عبدالرحمان رضا

راجہ عابد حسین نے پوٹھوہاری کمیونٹی کا تعارف کروایا اور اس کے اغراض و مقاصد سے آگا ہ کیا

عبدالمجید مغل اور غلام مصطفیٰ مغل کی خصوصی شرکت

دبئی(طاہر منیر طاہر)پوٹھوہاری کمیونٹی یو اے ای کی طرف سے دبئی میں ایک شاندار بار بی کیو پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں یو اے ای کی تمام ریاستوں سے پوٹھوہاریوں نے شرکت کی ۔متحدہ عرب امارات میں ثقافتی حوالے سے پہلی ایسی تقریب منعقد کی گئ جس میں صرف پوٹھوہار کے لوگوں نے شرکت کی اور پوٹھوہاری زبان میں ہی تقاریر کی گئیں ۔ تقریب میں یو اے ای کی مختلف ریاستوں سے آنے والے افراد پہلے ایک پوائنٹ پر اکٹھے ہو ئے اسکے بعد ایک قافلے کی صورت میں دبئی کے صحرا میں بنائے گئے ایک فارم ہا ئو س پر پہنچے ۔

یہ فارم ہا ئو س اماراتی شخصیت عبداللہ درویش محمود احمد شاہین کی ملکیت ہے ان کے پاکستانی اور خاص کر پوٹھوہاری کمیونٹی کے ساتھ گہرے مراسم ہیں ۔وہ خود بھی تقریب میں شامل ہو ئے اور لوگوں میں گھل مل گئے انکی میزبانی نے سب کے دل جیت لیے ۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہو ا جس کی سعادت حاجی ظہیر نے حاصل کی ، اسکے بعد پوٹھوہاری زبان میں نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم سرفراز مغل نے پڑھ کر سب کے دل جیت لیے ۔جبکہ اردو میں نعت راجہ محسن نے اپنی سریلی آواز میں پڑھ کر خوبصورت سماں باندھ دیا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے سب سے پہلے راجہ عابد حسین نے پوٹھوہاری کمیونٹی کا مختصر سا تعارف کروایا اور آنے والے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا ۔اسکے بعد عبدالرحمان رضا نے شرکاء سے بات کرتے ہو ئے کہا کہ آج سے تین سال پہلے پوٹھوہاری کمیونٹی کے چند دوستوں نے مل کر بنیاد رکھی جو آج ایک تن آور درخت کی شکل اختیار کر چکی ہے ۔انہوں نے پوٹھوہاری کمیونٹی کے اغراض و مقاصد بیاں کیے اور کہا کہ خطہ پوٹھوہار ایک خوبصورت کلچر اور ثقافت رکھتا ہے۔ ہم اپنے کلچر ،ثقافت اور زبان کو پروموٹ کریں گے ۔آنے والے وقت میں یہاں مختلف قسم کے ثقافتی شو بھی منعقد کیے جائیں گے ۔جبکہ پوٹھوہاری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے بے روزگار افراد کو روزگار مہیا کرنے کی بھر پور کوشش کی جائے گی ۔

تقریب سے خطہ پوٹھوہار کی معروف شخصیات غلام مصطفی مغل اور عبدالمجید مغل نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ہمیں بہت خوشی ہو ئی ہے کہ آج پوٹھوہاری کمیونٹی ایک پلیٹ فارم پر موجود ہے ۔انہوں نے اپنی طرف سے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور مزید کہا کہ آج ہمیں ایسے لگ رہا ہے جیسے کہ ہماری عید ہو ۔ پوٹھوہاریوں کی یہ ایک یاد گار تقریب تھی جو مدتوں یاد رکھی جائے گی ۔’’پردیس میں دیس‘‘ کے رنگ نظر آرہے تھے اور ہر چہرے پر خوشی عیاں تھی ۔

اس قسم کی تقریبات سے آپس میں جہاں باہمی پیار و محبت بڑھتا ہے وہاں اپنی ثقافت کو بھی اجاگر کرنے کا موقع ملتا ہے ۔ آخر میں سب نے پروگرام کی انتظامیہ میں شامل ممبران اویس قریشی، عابد راجہ، حاجی فضل حُسین ، لالہ غفور راجہ ،سید وظائف شاہ ،اخلاق ملک ،قاضی عابد ،ظفر راجہ ،ثاقب منصور ،چوھدری نعیم اور عبدالرحمان رضا کو پروگرام کے اچھے انتظامات کرنے پر مبارکباد دی اور شکریہ ادا کیا۔

Comments (0)
Add Comment