دبئی(طاہر منیر طاہر)دبئی میں پاکستان کی خاتون اول صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ عارف علوی نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حکومت خواتین کی وراثت کے حق کیلئے موثر قانون سازی کررہی ہے تاکہ ہر پاکستانی خاتون کو جائیداد میں مساوی حق مل سکے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی اہلیہ ثمینہ عارف علوی جمعرات کی شام متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کمیو نٹی کے سب سے بڑے ادارے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی میں پاکستانی خواتین سے خطاب کررہی تھیں۔ تقریب کا اہتمام متحدہ عرب امارات میں پاکستانی کاروباری افراد کی تنظیم ’’پاکستان بزنس کونسل دبئی‘‘ نے کیا تھا۔
ثمینہ عارف علوی نے خواتین کے حقوق کیلئے موجودہ حکومت کی کارکردگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کو مالی طورپر بااختیار بنانا ناگزیر ہےجس کیلئے خواتین کو انتہائی مناسب پالیسی کے تحت قرضے بھی فراہم کئے جارہے ہیں۔ انھوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو سفیر پاکستان قرار دیا اور اُن پر زور دیا کہ ملک میں خواتین کے حقوق کے سلسلے میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
ا س سے پہلے متحدہ عرب امارات میں تعینات سفیر پاکستان افضال محمود نے بھی خواتین کے حقوق پر گفتگو کی اور کہا کہ تعلیم کے میدان میں خواتین آگے بڑھیں گی تو معاشرہ ترقی کرے گا۔ انھوں کہا کہ صنفی توازن قائم کرنا ایک بہت بڑا چیلنج ہے البتہ اس کے لئے مسلسل کوششوں کی ضرورت ہے۔
تقریب میں تعارفی کلمات ادا کرتے ہوئے پاکستان بزنس کونسل کے ڈئرایکٹر اقبال داؤد نے کہا کہ اُن کا ادارہ خواتین کو کاروبار کے ہنر سیکھانے کیلئے کوشاں ہے تاکہ خواتین بھی متحدہ عرب امارات میں کاروباری مواقعوں سے فائدہ اُٹھائیں۔
انھوں نے بتایا کہ امارات میں سرگرم خواتین کیلئے پاکستان بزنس کونسل دبئی نے اپنا علیحدہ خواتین ونگ بھی بنایا ہے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کی ترقی و خوشحالی میں اہم کرداراداکرسکیں۔