نیویارک(طاہرمحمود چوہدری) واچونگ (نیو جرسی) سکول بورڈ کی ممبر، امبر مراد نے کاؤنٹی کمشنر کے انتخاب کے لیے سمرسیٹ کاؤنٹی ریپبلکن آرگنائزیشن لائن جیت لی ہے، انہوں نے سابق باؤنڈ بروک کونسل مین جان پال لیون کو 124 کے مقابلے میں 81 ووٹوں سے شکست دی۔
امبر نے 60.5 فیصد جبکہ ان کے مخالف نے 39.5 فیصد ووٹ حاصل کیے ، توقع ہے کہ رواں سال 8 نومبر کو ہونے والے عام انتخابات میں ’’سمرسیٹ کاؤنٹی کمشنر‘‘کے انتخاب کے لیے امبر مراد کا مقابلہ ڈیموکریٹک امیدوار میلونی مورانو سے ہو گا، اس بار ریپبلکنز، ڈیموکریٹک جھکاؤ رکھنے والی سمرسیٹ کاؤنٹی میں ایک نشست دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اپنا پورا زور لگا رہے ہیں۔
سمرسیٹ کاؤنٹی سے رپبلکن آرگنائزیشن لائن جیتنے والی امبر مراد ’سمرسیٹ کاؤنٹی کمشنر‘ کا اپنا انتخاب جیتنے کے لیے پرُعزم ہیں ، انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برس وہ معمولی فرق سے جیت نہ سکیں مگر یہ نیا سال ان کے لیے بہت مفید اور مثبت ثابت ہو گا اور وہ انشاءاللہ ضرور جیتیں گی ، کیونکہ وہ اپنی کاؤنٹی سمرسیٹ کو بڑے اچھے طریقے سے جانتی ہیں”.
اپنے شوہر ریحان مراد اور دو بچوں کے ہمراہ، 33 سالہ امبر مراد گزشتہ دس سال سے نیو جرسی کے ٹاؤن واچنگ اور سمرسیٹ کاؤنٹی میں مقیم ہیں، وہ آج کل بطور منتخب بورڈ ممبر، واچنگ بورو بورڈ آف ایجوکیشن (نیو جرسی) کام کر رہی ہیں۔
ان کے والدین مسعود چوہدری اور شگفتہ چوہدری کا تعلق پاکستان کے ضلع ساہیوال سے ہے، امریکہ میں رہتے ہوئے ماضی میں وہ پاکستانی کمیونٹی کی سرگرمیوں اور مقامی سیاست میں کافی فعال رہے ، امبر مراد امریکہ میں پیدا ہوئیں، انہوں نے میری لینڈ یونیورسٹی سے سائنس مضامین کے ساتھ بی ایس کیا ہے۔
مینجمنٹ اینڈ آپریشنز پروفیشنل کے طور پر وہ واچنگ بورڈ آف ایجوکیشن، واچنگ ہسٹریکل کمیٹی، ری کریشینل کمیٹی اور ممبر سمرسیٹ کاؤنٹی اوپن سپیس بورڈ ممبر کے علاوہ دیگر کئی حیثیتوں میں کام کر چکی ہیں۔