سنجے دت کی پرویز مشرف سے ملاقات،بھارتی سوشل میڈیا صارفین آگ بگولا ،سنجو بابا کو دہشت گرد قرار دیدیا

دبئی(شوبز نیوز)سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف اور بالی وڈ اداکار سنجے دت کی مبینہ ملاقات کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین غصے سے آگ بگولا نظر آ رہے ہیں۔

چند روز پہلے اداکار سنجے دت اور سابق پاکستانی صدر جنرل پرویز مشرف ایک تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دونوں کی ملاقات دبئی میں ہوئی تھی۔

تصویر میں سابق صدر پرویز مشرف کو وہیل چیئر پر بیٹھے جا سکتا ہے جب کہ سنجے دت ان کے برابر میں کھڑے ہوکر کوئی بات کرر ہے ہیں۔ دونوں نے جم کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں جس سے یہ ظاہر ہورہا ہے دونوں کسی جم میں ہیں۔ تاہم یہ تصویر کب کی ہے اس حوالے سے فی الحال کوئی تفصیل منظر عام پر نہیں آئی۔

متعدد میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں دونوں کی ملاقات باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت نہیں بلکہ حادثاتی طور پر ہوئی تھی۔ سوشل میڈیا پر سابق پاکستانی صدر اور بالی ووڈ اداکار کی تصویر وائرل ہونے کے بعد بھارتی سوشل میڈیا صارفین سنجے دت اور جنرل پرویز مشرف کی ملاقات پر غصے کا اظہار کررہے ہیں۔

ایک ٹوئٹر صارف نے تو اس عام سی ملاقات کو ایک الگ ہی رنگ دیتے ہوئے سنجے دت کو ’’دہشت گرد‘‘ قرار دے دیا۔ ایک ٹوئٹر صارف نے کہا حیرت ہے کیا اس ملاقات کے بارے میں سکیورٹی ایجنسیز کو معلوم ہے؟

کچھ بھارتی صارفین تو اتنے برہم نظر آئے کہ بھارتی ریاست ارونا چل پردیش کی حکومت سے سنجے دت کو ریاست کے برانڈ ایمبیسیڈر سے ہی ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

واضح رہے کہ سنجے دت اور سابق صدر جنرل پرویز مشرف کی جانب سے دونوں کی وائرل تصویر کے بارے میں مکمل خاموشی اختیار کی گئی ہے۔

Comments (0)
Add Comment