لندن:میاں نواز شریف سے معروف گلوگار وارث بیگ اور فیصل آباد سے لیگی رہنماشیخ محمد یوسف کی ملاقات

لندن(وسیم چوہدری)سابق وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے پاکستان کے معروف گلوگار وارث بیگ اور فیصل آباد سے لیگی رہنما شیخ محمد یوسف نے لندن میں انتہائی اہم ملاقات کی۔

ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی ،ملاقات میں پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال گفت و شنید کی گئی۔ وارث بیگ نے میاں نواز شریف کو موجودہ سیاسی صورتحال اور پاکستان میں عوا م کی بے چینی سے آگاہ کیا۔

وارث بیگ نے ’یہ ملاقات ایک بہانہ ہے ، پیار کا سلسلہ پرانا ہے‘ کے مصرعے سے گفتگو کا آغاز کیا۔

اس موقع پر میاں نوازشریف نے کہا کہ ہمارے دور میں ڈالر ایک سو پانچ روپے کا تھا ،ہم نے چاغی دھماکے کیے ،جس کا کریڈٹ کوئی اور لینا چاہتا تھا۔ نواز شریف نے مزید کہا کہ ملک مستحکم ہوگا تو قوم ترقی کرے گی، موجودہ سیاسی صورتحال انتہائی مایوس کن ہے۔

ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے وارث بیگ کا کہنا تھا کہ میاں نوازشریف عید پاکستان میں منانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ملاقات اچھی رہی، نواز شریف ہمیشہ کی طرح پاکستان کی بھلائی کا سوچ رہے ہیں۔

وارث بیگ نے مزید کہا کہ نواز شریف نے شدید دباؤ کے باوجود پاکستان کو ایٹمی قوت بناکر دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک کے موجودہ حالات کے تناظر میں تمام قوتوں کو مل کر کام کرنا چا ہئے۔

معروف گلوکار نے یہ بھی کہا کہ 2 افراد ملک کی ترقی کے لئے ایک جیسا سوچیں تو میری کوشش ہوتی ہے کہ انھیں اکٹھا کرکے ایک ٹیبل پر بٹھا دوں۔

Comments (0)
Add Comment