دبئی(طاہر منیر طاہر)پاکستان کے ساتھ ساتھ متحدہ عرب امارات میں بھی "یوم پاکستان” جوش و خروش سے منایا گیا ۔ یوم پاکستان کی ایک تقریب پاکستان مسلم لیگ ن متحدہ عرب امارات کے وومن ونگ کی طرف سے کی گئی ، جس کا اہتمام پی ایم ایل این، یو اے ای ویمن ونگ کی صدر فرزانہ کوثر نے کیا تھا۔’یوم پاکستان‘‘ کے حوالے سے کیک کاٹا گیا اور ایک دوسرے کو مبارکباد دی گئی۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہو ئے فرزانہ کوثر نے کہا کہ 23 مارچ 1940 وہ تاریخ ساز دن ہے جب بر صغیر کے مسلمانوں نے اپنے مستقبل کا فیصلہ کیا اورعلیحدہ ملک کا مطالبہ کیا ، تصور پاکستان کے خالق شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ نے خطبہ الہ آباد 1930 میں مسلمانوں کے لیے الگ ملک کی تجویز پیش کی تھی۔ اس کے دس سال بعد وقت آ گیا جب قیام پاکستان کے لیے باقاعدہ تگ و دو کا آغاز ہوا اور سات سال کی شبانہ روز محنت اور کوشش کے بعد بانی پاکستان محمد علی جناح نے یہ خطہ ارض پاکستان حاصل کر لیا اور اس طرح پاکستان کو پہلی نظریاتی مملکت کا اعزاز حاصل ہوا۔
قرار داد پاکستان ہی وہ آغاز تھا جو بالآخر اسلامی جمہوریہ پاکستان کے نام سے دنیا کے نقشہ پر وجود میں آیا ، حصول پاکستان کے لئے ہمارے آباؤ اجداد نے لازوال قربانیاں دیں ہیں جنہیں فراموش نہیں کیا جانا چاہیے بلکہ ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔
آج ہم جس آزاد ملک میں آزادی کے ساتھ رہ رہے ہیں یہ ان لوگوں کی وجہ سے ہے جو حصول پاکستان کی خاطر شہید ہو ئے اور اپنی جانوں کے قیمتی نذرانے پیش کیے، آج ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ہر قسم کی فرقہ واریت کو پس پشت ڈال دیں اور استحکام پاکستان کی خاطر ہم سب ایک ہو جا ئیں۔
پاکستان ہمارے لیے ایک بہت بڑی نعمت ہے جس کی ہمیں قدر کرنی چاہیے، ہمیں تاریخ اور قرار داد پاکستان سے سبق حاصل کرنے کی ضرورت ہے،آئیے ہم عہد کریں کہ پاکستان کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کی خاطر اپنے خون کا آخری قطرہ تک بہا دیں گے ۔