23 مارچ عملی طور پر پاکستان کی مضبوطی و استحکام کے لئے تجدید عہد کا دن ہے ، سفیر پاکستان عامر شوکت

برن(نمائندہ خصوصی)سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت برن میں یوم پاکستان کے موقع پر صبح 10.30 پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی باوقار تقریب منعقد ہوئی ، جس میں کثیر تعداد میں پاکستانی فیملیز نے شرکت کرکے قومی یکجہتی کا اظہار کیا۔

تقریب کاباقاعدہ آغاز ارشد محمود نے تلاوت کلام پاک سے کیا، قومی ترانہ کی گونج میں سفیر پاکستان نے پرچم کشائی کی، اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان اور صدر پاکستان عارف علوی کے پیغامات علی محمود نے پڑھ کر سنائے۔

سفیر پاکستان عامر شوکت نے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ 23 مارچ کا دن پاکستانی عوام کے لئے ایک تاریخی دن ہے، اس دن ہر مسلمان نے اپنے دل میں تہیہ کرلیا تھا کہ ہم نے اپنا الگ ملک بنانا ہے اور پھر اسکی تعبیر 14 اگست 1947 کو ہو ئی۔

ہمارے بزرگوں نے آزادی کی خاطر ہمیں ایک آزاد فضا میں سانس لینے کی خاطر بے انتہا قربانی اور جانوں کا نذرانہ پیش کیا، 23 مارچ کا دن عملی طور پر پاکستان کی مضبوطی و استحکام کے لئے تجدید عہد کا دن ہے وزیر اعظم عمران خان نے اسلام فوبیا کا دن منانے او آئی سی کا اجلاس اور اس میں کشمیر کی آواز بلند کرکے ہر پاکستانی کا سربلند کردیا۔

اب آپ کا کام ہے کہ قرارداد پاکستان کے اغراض و مقاصد کی تکمیل اور قائداعظم اور دیگر رہنمائوں کے خواب کو عملی جامہ پہنانے کے لئے ایک قوم بنیں، اس وطن عظیم کو سنوارنا اور اسکی ترقی و خوشحالی ہمارا فرض ہے، تقریب کے بعد سفیر پاکستان اور ان کی اہلیہ مہمانوں میں گھل مل گئے،آخر میں مہمانوں کی خاطر تواضع پاکستانی لذیز کھانوں سے کی گئی۔

Comments (0)
Add Comment