آئی اے پی جے اور پاکستان جرنلسٹس کلب رجسٹرڈ یونان کے اشتراک سے ایتھنز میں یوم پاکستان کی تقریب

برلن(مہوش ظفر)انٹرنیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس اور پاکستان جرنلسٹس کلب رجسٹرڈ یونان کے اشتراک سے ایتھنز میں یوم پاکستان کی تقریب منعقد کی گئی ۔تقریب کی صدارت بانی اور سابق صدر پاکستان کمیونٹی اتحاد یونان چوہدری سرور بدھووال نے کی جبکہ مہمان خصوصی ناروے سے آئے عرفان اللہ خان تھے ۔ یوم پاکستان کی تقریب میں یونان میں مقیم صحافیوں کی بڑی تعدادسمیت اہم سماجی و کاروباری شخصیات نے شرکت کر کے آزادی کے مقاصد کو اجاگر کیا ۔

تقریب کی نظامت کے فرائض معروف دینی سکالر قاری محمد اکرم زاہد نے بخوبی و بہ احسن انجام دئیے ۔مقررین نے پاکستانی برادری کے تمام مکاتب فکر سے مزین یوم پاکستان کی اس تقریب کے انعقاد اور ہر فورم پر کمیونٹی کے مسائل کی نشاند ہی کرتے ہوئے ان کے حل کی جستجو کرنے پر انٹر نیشنل ایسوسی ایشن آف پاکستانی جرنلسٹس اور پاکستان جرنلسٹس کلب یونان سے وابستہ تمام صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔صدر پاکستان جرنلسٹس کلب یونان خالد مغل نے قرارداد پاکستان کے مقاصد پر روشنی ڈالتے ہوئے ان مسلمانوں کو خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے بر وقت مسلمانوں کیلئے ایک ریاست کے قیام کی آواز بلند کی ۔

امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث یونان حافظ محمد اکرم،صدر پاکستان اوورسیز الائنس فورم یونان محمد خان،صدر پی ٹی آئی یونان احمد نور مئیو،جنرل سیکریٹری مسلم لیگ ق مدثر خادم سوہل،معروف تاجر امتیاز عالم جعفری،صدر پاکستان پیپلز پارٹی یونان شبیر دھامہ، چیئر مین پاکستان اکنامک اینڈ بزنس کونسل گریس میاں محمد یونس ودیگر نے اظہار خیال کرتے ہوئے تحریک پاکستان سے وابستہ اسلاف کی قربانیوں اور جدو جہد کو سلام پیش کیا اور IAPJاور PJCGکے اشتراک سےاس پر تفکرتقریب کے انعقاد پر صحافیوں کو خراج تحسین پیش کیا ۔

تقریب کے مہمان خصوصی عرفان اللہ خان نے پاکستانی برادری کے اس طرح قومی تہوار پرمل جل کربیٹھنے اور پر مغز بزم سجانے پر یونان والوں کو مبارکباد پیش کی ۔انہوں نے کہا کہ دینی تعلیمات ہی ہمارے مابین اخوت و درگزر کا جذبہ پیدا کرتی ہیں ۔اس لئے دیار غیر میں رہتے ہوئے دین سے وابستگی اور باہمی اتحاد ہی ہمارے ملک و قوم کی نیک نامی کا سبب بنتے ہیں ۔صدر تقریب چوہدری سرور بدھووال نےکہا کہ صحافی کسی بھی معاشرہ کا آئینہ ہوتے ہیں ۔

یونان میں صحافیوں نے کمیونٹی کیلئے بے مثال خدمات فراہم کی ہیں اور آئندہ بھی ہم توقع رکھتے ہیں کہ IAPJاورPJCGکے مضبوط پلیٹ فارمز سے ہم وطنوں کی درست نمائندگی کا سلسلہ جاری رہیگا ۔یوم پاکستان کی تقریب میں معروف شاعر مرزا نعیم نے اپنی شاعری کے رنگ جمائے اور امتیاز عالم جعفری اور ناصر جسوکی نے ملی نغموں سے ملی جذبوں کو بیدار کیا ۔

Comments (0)
Add Comment