وزیراعظم عمران خان کے حق میں بیانات دینے پر ریحام خان کی شوبز ستاروں پرشدید تنقید

اسلام آباد(شوبز نیوز)وزیراعظم عمران خان کے حق میں بیانات دینے پر ان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے شوبز ستاروں کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

اس حوالے سے انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے ان ستاروں کو وزیراعظم کی آواز قرار دیا۔

انہوں نے تحریر کیا کہ یہ دیکھ کر بہت دکھ ہوا کہ وہ اداکار جن کی ہم ان آن اسکرین ٹیلنٹ کی وجہ سے عزت کرتے ہیں وہ بےشرمی کے ساتھ اس فاشت اقتدار کی آواز بنے ہوئے ہیں جو بس اپنے جانے کے راستے پر ہے۔

ریحام خان نے یہ بھی لکھا کہ فنکاروں کو اُن سیاستدانوں پر حملہ کرنے کے لیے استعمال نہیں کیا جانا چاہیے جن سے حکومت کو خطرہ ہے۔

وزیراعظم کی سابقہ اہلیہ نے ان ستاروں کو یہ بھی تجویز دی کہ وہ اپنا پیشہ ورانہ کام ہی کرتے رہیں، اس سے ہٹ کر کوئی کام نہ کریں۔

خیال رہے کہ شوبز ستاروں کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے حق میں بیانات آنے کا سلسلہ جاری ہے۔

اداکارہ ثمینہ پیرزادہ نے بھی عمران خان کی حمایت میں گزشتہ روز ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا ’’اپنے کپتان کو اللہ کی امان میں دیا‘‘۔ بعد ازاں انہوں نے آج صبح ایک اور ٹوئٹ میں کہا ’’بول کے لب آزاد ہیں تیرے۔ ہم ہی بدلیں گے پاکستان۔ تبدیلی ایک فردسے شروع ہوتی ہے۔ آئیے پاکستان کو ہر شہری کے لیے ایک محفوظ ملک بنائیں۔ آئیے ایک ذمہ دار شہری بنیں۔ آئیے پاکستان کو صاف ستھرا رکھیں۔‘‘

شان شاہد نے وزیراعظم کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارے لیڈر کو کوئی نہیں چھین سکتا۔‘

ہمایوں سعید نے بھی اپوزیشن کے خلاف وزیراعظم عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ’خواہش ہے کہ عمران خان اپنی مدت پوری کریں۔‘

ان کے علاوہ اداکار احمد علی بٹ نے عمران خان کو صادق اور امین قرار دیا جبکہ صبا قمر کا کہنا تھا کہ یہ ایک شخص کی بات نہیں، یہ پاکستان کی بات ہے۔

اداکار بلال قریشی نے وزیراعظم عمران خان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ ’عمران خان، سب سے پہلے تو آپ نے گھبرانا نہیں ہے‘۔

Comments (0)
Add Comment