سوشل میڈیا گروپ WOW کے زیرِ اہتمام دبئی میں منائی گئی ایک منفرد شام

فرزانہ کوثر، اسماء جان محمد، صائمہ سعید، روبینہ جعفری، عائشہ عاشی اور زبیدہ نے تحریکِ پاکستان کی خواتین کا رول ادا کیا

فرزانہ منصور اور ثروت زہرہ زیدی نے تقریب میں شریک ہونے والی تمام خواتین کا شکریہ ادا کیا

تقریب کی مہمانِ خصوصی پاکستان قونصلیٹ میں تعینات پریس قونصلر شازیہ سراج تھیں

د بئی (طاہر منیر طاہر) یومِ پاکستان کے موقع پردبئی میں مقیم خواتین کے ایک گروپ WOW نے تحریکِ پاکستان میں خواتین کے کردار کو سراہنے اور قیامِ پاکستان کی تمام نامور خواتین کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے ایک منفرد تقریب کا اہتمام کیا۔

یہ تقریب پاکستان ایسوسی ایشن دبئی، PAD میں منائی گئی جس میں موجود خواتین نے تحریکِ پاکستان کی نمایاں خواتین کا کردار نبھایا اور اپنی ان کوششوں اور بے لوث خدمات کا ذکر کیا جو پاکستان کے قیام کے لئے ناگزیر تھیں۔ تقریب کے شرکاء نے اس منفرد خیال کی بھر پور پذیرائی کی۔

تقریب کی مہمانِ خصوصی پاکستان قونصلیٹ میں تعینات پریس قونصلر شازیہ سراج تھیں۔ اُنہوں نے اپنی تقریر میں قیامِ پاکستان میں خواتین کے کردارپر روشنی ڈالی اور کسی بھی ملک کی ترقی میں خواتین کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔

انہوں نے WOW گروپ کی بانیان فرزانہ منصور اور ثروت زہرہ زیدی کی کاوشوں کو سراہا اور اس خوبصورت شام کی کامیابی کی مبارکباد پیش کی۔ تقریب کی نظامت محترمہ سعدیہ طارق نے کی، تقریب کا آغاز تلاوتِ قر آن سے ہوا جس کے بعد سعدیہ طارق نے تحریکِ پاکستان کی نمایاں خواتین کا تعارف کروایا، اور ان کی زندگی اور تحریکِ پاکستان میں ان کے کردار کو سراہا۔

ثمینہ ناصر نے بہت پُر اثر انداز میں تمام خواتین کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور پاکستان کی سلامتی کے لئے دعا کی،نوُر جہاں کے گائے ہوئے ملی نغموں کو نجمی مسرّت نے انہی کے انداز میں گا کر شرکاء کے دلوں کو گرمایا۔ بعد ازاں کیک کا ٹنے کی رسم ادا کی گئی اور پاکستان کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔

مہمانوں کی تواضع کیک اور چائے سے کی گئی، فرزانہ منصور اور ثروت زہرہ زیدی نے تقریب میں شریک ہونے والی تمام خواتین اورتحریکِ پاکستان کی خواتین کا رول ادا کرنے پر فرزانہ کوثر، اسماء جان محمد، صائمہ سعید، روبینہ جعفری، عائشہ عاشی اور زبیدہ کا شکریہ ادا کیا ۔

Comments (0)
Add Comment