پاکستان الله کی عطا کردہ نعمت ہے اور یہ تا قیامت قائم رہے گا
پی ایم ایل این مینارٹی ونگ کے زیر اہتمام دبئی میں یوم پاکستان کی تقریب
پی ایم ایل این، یو اے ای کے اہم عہدیداران کی شرکت
دوبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان الله کی عطا کردہ خاص نعمت ہے اور یہ تا قیامت قائم رہے گا، پاکستان ہرلحاظ سے مضبوط ہے جس کی طرف کوئی آنکھ اٹھا کر بھی نہیں دیکھ سکتا ، قیام پاکستان کے وقت حصول پاکستان کے لئے اقلیتوں نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور مسلمانوں کے ساتھ تگ و دو میں حصّہ لیا، پاکستان میں اقلیتوں کو بھی ووہی حقوق حاصل ہیں جو باقی سب کو حاصل ہیں، ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما ،سینیٹر عبدالقیوم اعوان نے دبئی میں یوم پاکستان کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کیا جس کا اہتمام پی ایم ایل این مینارٹی ونگ، یو اے ای نے کیا تھا۔
تقریب میں لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم اعوان ، پی ایم ایل این، یو اے ای کے صدر غلام مصطفیٰ مغل ، چیف آرگنائزر عبد ا لمجید مغل، پاکستان مسلم لیگ ن وومن ونگ کی صدر فرزانہ کوثر، پی ایم ایل این مینارٹی ونگ کے صدر جان قادر، اور دیگر عہدیداران راجہ محمّد جمیل بنگیال، عامر سہیل گھمن، محمّد شہزاد بٹ ، میاں غلام محی الدین ، شوکت بٹ، کامران کھرل ، سرفراز گل،سناور گل ، آسٹر مون ، کوکب سیموئیل، آشر گل، عینی سلیم، سونی ریاض، نبیلہ گل، کوئل ، سوہنی امجد، صداقت گل اورپی ایم ایل این مینارٹی ونگ دبئی کی صدرکرسٹینا بھی موجود تھیں ۔
تقریب میں خطاب کرتےہو ئے مقررین نے کہا کہ پاکستان ہمیں لاکھوں قربانیوں کے بعد بڑی مشکلوں سے حاصل ہوا ہے ، اس کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے لاکھوں جانوں کی قربانیاں دی ہیں، آج ہم جس آزاد خطہ ارض پر رہ رہے ہیں اس کی حفاظت ہمارا فرض ہے ۔ ہمیں چاہیے کہ ہم اس کی حفاظت اور مضبوطی کے لیے اپنے اپنے حصّہ کا فرض ادا کریں اور اس کی سالمیت کے لئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں۔
مفکر پاکستان، شاعر مشرق حضرت ڈاکٹر علامہ محمّد اقبال اور بانی پاکستان قائد اعظم محمّد علی جناح نے جس طرح کا پاکستان سوچا تھا اور بنایا تھا ہمیں اس کی تعبیر بننا ہے، اس کی آبیاری اپنے خون سے کرنی ہے ، اس کے چپہ چپہ کی حفاظت اور نگہبانی کرنی ہے اور یہ تبھی ممکن ہے جب ہم اپنے ملک کے ساتھ مخلص ہوں اور آپسی اختلافات بھلا کر اتفاق سے رہیں ،تقریب کے آخر میں اتحاد بین المسلمین، متحدہ عرب امارات اور پاکستان کے استحکام اور سالمیت کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔