سنٹ جانز یونیورسٹی نیویارک میں پاکستانی پروفیسراحمد بخاری کو ریسرچ ایوارڈ سے نوازا گیا

نیویارک(طاہر محمود چوہدری)سنٹ جانز یونیورسٹی نیویارک میں ڈائریکٹر ہیلتھ کئیر انفارمیٹیکس اسسٹنٹ پروفیسر سید احمد چن بخاری کو بائیو میڈیکل، ہیلتھ کئیر انفارمیٹیکس کے شعبے میں تحقیق پر ’’ایس جے یو ایوارڈ -2022‘‘ سے نوازا گیا،ایوارڈ دینے کی تقریب گزشتہ روز سنٹ جانز یونیورسٹی کے ڈی انگلیو بال روم میں منعقد ہوئی، آفس آف گرانٹس اینڈ سپانسرڈ ریسرچ کے ڈائریکٹر جیراڈ لئٹمان نے ایوارڈز تقسیم کیے۔

تقریب میں بڑی یونیورسٹی میں پروفیسرز، ڈینز، آفس سٹاف اور سٹوڈنٹس نے شرکت کی،پروفیسر بخاری کے علاوہ دیگر دو پروفیسرز، ڈاکٹر اریکا جیکب (کیمسٹری ڈیپارٹمنٹ) اور ڈاکٹر کیئٹن پٹیل (فارمیسی ڈیپارٹمنٹ) کو بھی سپیشل ایوارڈ دئیے گئے، ریسرچ پیپرز مکمل کرنے پر کئی طلباء و طالبات کو سرٹیفکیٹس اور کیش انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

پروفیسر سیداحمد بخاری نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایوارڈ ملنے پر خوش ہیں اور خصوصی طور پر آفس آف گرانٹس اور انسٹی ٹیوشنل ریویو بورڈ کے شکر گزار ہیں، یہ اعزاز دراصل یونیورسٹی میں ان کی بائیو میڈیکل اور ہیلتھ کئیر انفارمٹیکس کے شعبے میں ریسرچ اور یونیورسٹی کے لیے گرانٹس کے حصول میں کی جانے والی صلاحیتوں کا اعتراف ہے۔

کینیڈا سے کمپیوٹر سائنس میں پی ایچ ڈی اور ہیلتھ کئیر انفارمیٹیکس میں تحقیق کا وسیع تجربہ رکھنے والے 35 سالہ پروفیسر سید احمد بخاری، قبل ازیں امریکی یونیورسٹی ییل اور سٹینفورڈ میں پوسٹ ڈاکٹریٹ، تدریس اور ریسرچ سے وابستہ رہ چکے ہیں۔

Comments (0)
Add Comment