برلن(نمائندہ خصوصی)پاکستان کے بدلتے ہوئے سیاسی حالات اور پی ٹی آ ئی حکومت ختم کرنے کے خلاف پی ٹی آ ئی کے کارکنان جرمنی کے بھی مختلف شہروں میں سٹرکوں پر نکل آئے اور اپنے غم و غصے کے اظہار کے لئے فرینکفرٹ کے بعد دارالحکومت برلن میں بھی عمران خان اور پاکستان سے محبت کرنے والوں نے باہر نکل کر احتجاج کیا ۔
برلن میں موجودعمران خان کے چاہنے والوں نے یہاں کے ایک مشہور مقام پر جمع ہوکرعمران خان اور پاک وطن سے اپنی بے لوث محبت کا اظہار کیا۔شرکاء نے اپنے ہاتھوں میں پاکستانی اور پی ٹی آ ئی کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے ۔احتجاج میں سخت سردی اور روزے کے باوجود پاکستانیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی جن میں خواتین،بچے بزرگ سب شامل تھے۔
احتجاج میں سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید مخدوم طارق محمود الحسن نے بھی خصوصی طور پر شرکت کی اور شرکاء کو عمران خان کا پیغام دیا۔انھوں نے اپنی مختصر سی تقریر میں کہا کہ آج کل میں یورپ کے دورے پر ہوں اور یہاں موجود اپنے سمندر پار پاکستانیوں سے مل کر انھیں خود عمران خان کا پیغام پہنچا رہا ہوں کہ اورسیز پاکستانی ہمارا سب سے قیمتی سرمایہ ہیں اور اس دورے کے لئے بھی مجھے عمران خان نے خاص ہدایت کی تھی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا ہے اور ہم اس ہارس ٹریڈنگ کے نتیجے میں بننے والی حکومت کو نامنظور کرتے ہیں۔اس موقع پر اورسیز پاکستانیوں نے بھی اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج ہم یہاں صرف اور صرف اپنے ملک پاکستان کی محبت میں جمع ہوئے ہیں۔ہمارا لیڈر صرف عمران خان ہے۔آج ہم یہاں بحیثیت محب وطن پاکستانی خان کے ساتھ کھڑے ہیں اپنا حق ادا کرنے کے لئے بطور پاکستانی ہر مشکل میں ہم ان کا ساتھ دیں گے کیونکہ وہی ہمارے اصل لیڈر ہیں۔شرکاء نے چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرکے کہا کہ اب آپ اپنی عدالتیں عام پاکستانی کے لئے کھول کر دیکھیں کہ وہ کیا چاہتی ہے۔
احتجاج میں پاکستان زندہ باد، امپورٹڈ حکومت نامنظور ،عمران خان زندہ باد کے فلگ شگاف نعرے لگائے گئے۔
احتجاج کے بعد پی ٹی آئی جرمنی کے سینئر رہنما عمر ایوب خان اور پی ٹی آئی جرمنی کے کو آرڈینیٹرحاجی جاوید اقبال قادری کی جانب سے شرکاء کے لئے افطار ڈنر کا اہتمام بھی کیا گیا تھا،جس میں گیسٹ سپیشل اسسٹنٹ ٹو پرائم منسٹر سید طارق محمود الحسن، سینئر رہنما برلن ، علی مدثر، سوشل ایکٹیوسٹ نصیرملحی اور میڈیا کے نمائندگان کے علاوہ مختلف انڈسٹریز کے پروفیشنلز بشمول ناصر محمود اور سٹوڈنسٹ نے شرکت کی۔ پروگرام کے اختتام پر افطار سے قبل ریسٹور نٹ سرکارپر موجود تمام شرکاء نے ملک کی سلامتی، بقا او عمران خان کے لئے خصوصی دعا کی۔
مقررین نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں عمران خان اور انکی ٹیم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہےافطار اور پروگرام کے اختتام پر پروگرام آرگنائیزرز رہنما پی ٹی آئی سید اسد علی شاہ اور رہنما پی ٹی آئی رانا ثاقب خالد نے آئے ہوئے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔