رمضان برکتوں والا مہینہ ، اس میں الله کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے،قونصل جنرل حسن افضل خان

اس مہینے میں ہمیں دوسروں کا خیال رکھنا چاہیے اور عبادت کر کے الله تعالیٰ کی رحمتیں اور برکتیں سمیٹنی چا ہئیں

ماجدہ خانم کنسلٹنسی (MAKC) کی طرف سے کمیونٹی کے اعزاز میں افطار ڈنر، پاکستانیوں کی بھر پور شرکت

دبئی (طاہر منیر طاہر) ماجدہ خانم کنسلٹنسی (MAKC) کی طرف سے پاکستانی کمیونٹی کے اعزاز میں عجمان کے ایک ریسٹورنٹ میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا جس میں قونصلیٹ جنرل آف پاکستان دبئی کے قونصل جنرل حسن افضل خان اور ان کی مسز مہمان خصوصی تھے۔ افطار ڈنر میں پاکستانی کمیونٹی کے چودھری خالد حسین ، میاں منیر ہانس ، فراز احمد صدیقی ، فرزانہ منصور ، شیریں درانی ، مسز ثمینہ ناصراور دیگر متعدد خواتین و حضرت موجود تھے۔ افطار ڈنر کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا جبکہ بعد ازاں نعت شریف بھی پڑھی گئی۔

اس موقع پر افطار ڈینر کی میزبان ماجدہ خانم نے ماجدہ خانم کنسلٹنسی (MAKC) کا تعارف بھی کروایا،ماجدہ خانم نے تفصیلات بتاتے ہو ئے کہا کہ (MAKC) گزشتہ دو دہائیوں سے یو اے ای میں مختلف النوع ٹریننگ اور HR سروسز فراہم کر رہی ہے،تقریب ہذا سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور (MAKC) کے بارے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

مہمان خصوصی قونصل جنرل حسن افضل خان نے ماہ رمضان کی مناسبت سے اپنی تقریر میں کہا کہ ماہ صیام برکتوں والا مہینہ ہے،ہمیں دوسروں کا خیال رکھنا چاہیے اور ایک دوسرے کے کام آنا چاہیے،انہوں نے کہا کہ اس مہینے میں الله کی رحمتوں کا نزول ہوتا ہے لہٰذا ہمیں زیادہ سے زیادہ عبادت کر کے الله تعالیٰ کی رحمتیں اور برکتیں سمیٹنی چا ہئیں۔

افطاری کے بعد میزبان ماجدہ خانم نے آنے والے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور شرکا ئے تقریب کو تحائف بھی دیے۔

Comments (0)
Add Comment