مئیر نیویارک ایرک ایڈمز کی جانب سےمسلم کمیونٹی کے اعزاز میں افطار ڈنر کا اہتمام

نیویارک (طاہر محمود چوہدری) نیویارک سٹی کے میئر ایرک ایڈمز کی جانب سے نیویارک سٹی میں مقیم مسلمان کمیونٹی سے اظہار یکجہتی اور مسلم مہینے رمضان المبارک کے تقدس کے احترام میں ایک افطار ڈنر کا اہتمام کیا گیا، اس افطار ڈنر کا اہتمام نیویارک کاؤنٹی کی سارو گیٹس کورٹ کے وسیع ہال میں کیا گیا تھاجس میں مئیر ایرک ایڈمز سمیت اعلیٰ سرکاری حکام،بعض مسلم ممالک کے سفارت کاروں اور مسلم کمیونٹیز کی مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔

پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے مئیر ایرک ایڈمز کے مشیر احسن چغتائی، کمیونٹی رہنما سرور چوہدری اور نیویارک پولیس ڈیپارٹمنٹ کی 84 پریسنٹ کے انچارج ڈپٹی انسپکٹر عدیل رانا سمیت کئی دیگر افراد نے شرکت کی۔

اس موقع پر اپنے خطاب میں سٹی مئیر ایرک ایڈمز مسلم کمیونٹی کو خوش آمدید کہتے ہوئے افطار ڈنر میں شرکت کرنے کا شکریہ ادا کیا اور مقدس مہینے رمضان کی مبارکباد دی، مسلم کمیونٹیز کی کئی نمایاں خواتین شخصیات بھی اس موقع پر موجود تھیں جن میں مشیر برائے (ایم اے ایس اے) کمیونٹیز فار نیویارک سٹی انسانی حقوق مس ویداد نمایاں تھیں۔

نیویارک کا مئیر آفس مختلف کمیونٹیز کے اہم مذہبی و ثقافتی تہواروں کے مواقع پر ایسی تقریبات کا انعقاد کرتا ہے، اس افطار ڈنر کا اہتمام نیویارک سٹی مئیر کے دفتر برائے امیگریشن افیئرز، نیویارک سٹی کمیشن آن ہیومن رائٹس، میئرز کمیونٹی افیئرز یونٹ، پریوینشن آف ہیٹ کرائمز، اور سٹی سینٹر فار فیتھ اینڈ کمیونٹی کے اشتراک کے ساتھ کیا تھا، کوڈ-19 کی وجہ سے 2019 کے بعد پہلی افطار تقریب میں منعقد کی گئی، مسلم کمیونٹی کے لیے خصوصی طور افطار ڈنر میں ہلال فوڈ کا انتخاب کیا گیا تھا، مسلم کمیونٹی کے لیے نماز مغرب کی ادائیگی کا خصوصی اہتمام تھا۔

نیویارک سٹی کی جانب سے رواں ہفتے ایسی ہی ایک اور افطار ڈنر کی تقریب البانوی اسلامک کلچرل سنٹر، اسٹیٹن آئی لینڈ (نیویارک) میں ہو گی، جو ماہ رمضان کے دوران نیویارک سٹی کی متنوع کمیونٹیز کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گی۔

Comments (0)
Add Comment