سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اظہار یکجہتی کیلئے پی ٹی آئی سوئٹزرلینڈ کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ

عمران خان اسلامی دنیا کا عظیم لیڈر،انہوں نے کشمیر کا مقدمہ دلیری سے لڑا،مقررین

برن(نمائندہ خصوصی)سوئٹزرلینڈ کے دارالحکومت برن میں سابق وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے بہت بڑا مظاہرہ ہوا،مظاہرہ میں پاکستانی ، کشمیری کمیونٹی نے شرکت کی جن میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے مظاہرہ کی کال پاکستان تحریک انصاف سوئٹزرلینڈ کی سینئر قیادت رانا شہزاد عارف گھمن ،چوہدری شہزاد شکیل احمد ،عمیر اعوان، امبر جیلانی، راجہ سعید ،محمد فہیم ،انصر گھمن نے دی تھی ،تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا اسکے بعد یکجان ہوکر سب نے قومی ترانہ پڑھا ۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان دنیا میں امن کے داعی ہیں، ان کوخودداری اور آزاد خارجہ پالیسی کی وجہ سے غیر ملکی سازش پر اقتدار سے علیحدہ کیا گیا، ہم اوورسیز پاکستانی عمران خان کا ساتھ دیں گے، عمران خان صرف پاکستان نہیں اسلامی دنیا کا عظیم لیڈر ہے ،عمران خان نے کشمیر کا مقدمہ بہت دلیری سے لڑا، عمران خان نے ناموس رسالت پر دنیا کو نبی پاکؐ کی حرمت کا پاس کرنے کا پابند کرایا ۔

رہنماؤں نے اپنے خطابات میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد اور پی ٹی آئی کی حکومت کے خاتمے کو مبینہ طور پر غیر ملکی مداخلت کا نتیجہ قرار دیا اور مبینہ طور پر میاں نواز شریف کے پورے خاندان کو بدعنوان قرار دیتے ہوئے اس خاندان کی پاکستان کے اقتدار پردوبارہ واپسی کی شدید مذمت کی، انہوں نے سوال کیا کہ کیا پاکستانی غلام قوم ہے کہ وہ بیرونی اشارہ پر اپنی حکومت ختم کر دیں؟ بحیثیت قوم یہ ہمارے لیے شرم کا مقام ہے کہ بدعنوان عناصر اور وہ بھی باپ بیٹا ایک وزیر اعظم دوسرا بڑے صوبے کا وزیراعلیٰ بنا دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگ خاندان کے اندر ہی سب عہدے رکھنا چاہتے ہیں تاکہ ان کی کرپشن کو تحفظ ملتا رہے،اسی لیے یہ کرپٹ لوگ عمران خان کے خلاف اکٹھے ہوگئے ہیں ، مقررین نے کہا کہ وہ وقت اب زیادہ دور نہیں جب عمران خان پھر مسند اقتدار پر بھاری اکثریت سے فائز ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ میاں شہبازشریف کی حکومت کو بالکل نہیں مانتے، مختلف مقررین جن میں خواتین رہنما بھی شامل تھیں نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے احتجاج کا مقصد عوام کوآگاہ کرنا ہے کہ پاکستان کے عوام بشمول اوورسیز پاکستانی اور کشمیری کرپٹ خاندان کی حکومت کو کسی بھی صورت قبول نہیں کریں گے۔

موروثی سیاست کا قلع قمع کیا جائے گا، پی ٹی آئی ایسی بدعنوانیوں اور ظلم کوبرداشت نہیں کرے گی ، رہنماؤں نے اپنے خطابات میں عمران خان کے ساتھ یکجہتی کا بھرپور اظہار کیا۔ اس موقع پر نوجوانوں کی قابل ذکر تعداد میں شمولیت کو سراہا گیا اور انہیں اقبال کے شاہین سے تعبیر کیا گیا ۔

پروگرام میں خواتین، بچوں اور نوجوانوں کی بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ یہ نعرے بھی لگائے گئے کون بچائے گا پاکستان عمران خان، شرکا نے عمران خان کی حمایت میں بینرز کے ساتھ ساتھ تحریک انصاف اور پاکستان کے جھنڈے اٹھا رکھے تھے جبکہ کئی حامیوں نے عمران خان کی تصویر والی ٹی شرٹس بھی پہن رکھی تھیں، آخر میں سابق صدر پی ٹی آئی راناشہزاد رفاقت نے کمیونٹی کے اعزاز میں افطاری کا اہتمام کیا۔

Comments (0)
Add Comment