پارٹیت نیانس کے زیر اہتمام سویڈن کے شہر مالمو میں قرآن سوزی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

مالمو(نمائندہ خصوصی)سویڈن میں قرآن سوزی کے خلاف پارٹیت نیانس کی جانب سے احتجاج مالمو شہر میں منعقد ہوا۔جس میں پارٹی کے پاکستانی امیدوار زبیر حسین نے شرکاء کو بین الاقوامی انسداد اسلاموفوبیا دن کے حوالے سے معلومات کچھ یوں فراہم کی، زبیر حسین کا کہنا تھا کہ

’’میں یہ نہیں دہراؤں گا کہ کون سے واقعات رونما ہوئے اور کن وجوہات کی بناء پر ہم یہاں جمع ہوئے ہیں، نہ ہی میں اس بات پر بحث کرنا چاہتا ہوں کہ آزادی اظہار رائے کیا ہے، اس کے برعکس میں سویڈن کے عام عوام تک اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی قرارداد کے حوالہ سے معلومات پہنچانا چاہتا ہوں۔

اس سال اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 15 مارچ کو انسدادِ اسلامو فوبیا کے عالمی دن کے طور پر منانے کی ایک قرارداد کی منظوری دی۔یہ ایک ایسی قرارداد ہے جسے 193 رکنی ممالک نے منظور کیا جن میں 55 بنیادی طور پر مسلم ممالک تھے،جس میں مذہب اور عقیدے کی آزادی کے حق پر زور دیا گیا ہے اور ہر قسم کی عدم برداشت اور امتیازی سلوک کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔‘‘

قرارداد میں تمام ممالک، اقوام متحدہ کے اداروں، بین الاقوامی اور علاقائی تنظیموں، سول سوسائٹی، پرائیویٹ سیکٹر، اور مذہبی تنظیموں سے کہا گیا ہے کہ وہ ’’اسلامو فوبیا کو روکنے کے بارے میں ہر سطح پر آگاہی مہم کو مؤثر طریقے سے آگے بڑھائیں اور اس مقصد کے لئے تقریبات کا انعقاد اور حمایت کریں‘‘ اور اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا نیا عالمی دن منانے کے لیے سدباب کریں۔

سویڈن چونکہ اقوامِ متحدہ کا رکن ہے اس لیے سویڈن کو اقوام متحدہ کی مذکورہ قراداد کا احترام کرنا چاہئے تھا مگر بدقسمتی سے 15 مارچ کے بعد سویڈن میں قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کے واقعات اقوامِ متحدہ کی قرارداد کی خلاف ورزی کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

پارٹی نیانس تمام اقلیتوں کو یقین دلاتی ہے کہ ہم جلد ہی سویڈش پارلیمنٹ میں ہوں گے اور سویڈن میں اقلیتوں کے حقوق کے لیے آواز بلند کریں گے۔

Comments (0)
Add Comment