عمران خان کی صورت میں پاکستان کو ایک عظیم اور نڈر راہنما ملا جس کے ہم سب سپاہی ہیں
بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا موجودہ حکومت کی اورسیز پاکستانیوں کے ساتھ دشمنی کا ثبوت ہے
جن پس پردہ قوتوں نے عمران خان کی حکومت ختم کی تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے
سٹاک ہوم(عارف کسانہ/نمائندہ خصوصی)بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرنا موجودہ حکومت کی اورسیز پاکستانیوں کے ساتھ دشمنی کا ثبوت ہے۔ پاکستان میں حقیقی آزادی کے لئے جدوجہد جاری رہی گی اور عمران خان کی صورت میں پاکستان کو ایک عظیم اور نڈر راہنما ملا ہے ہم سب اس کے سپاہی ہیں۔ سویڈن میں مقیم پاکستانی تحریک انصاف کے پرچم تلے پاکستان کی آزادی و مختاری کے لئے متحد ہیں، ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف سویڈن کے کوآرڈینیٹر چوہدری رفاقت علی نے ایک ملاقات میں کیا۔
انہوں نے کہا کہ جن پس پردہ قوتوں نے عمران خان کی حکومت ختم کی ہے اب وہ پشیمان ہیں اور تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ جب بھی پاکستان کی تاریخ لکھی جائے گی اس میں تحریک انصاف کی جمہوری حکومت کو ختم کرنے والے سازشی عناصر اور ان کے آلہ کاروں کا ذکر ضرور ہوگا۔ جو لوگ عمران خان کی حکومت پر تنقید کرتے تھے اور کہتے تھے کہ ڈالر اوپر جارہا ہے ان کی زبانیں اب گنگ کیوں ہوگئی ہیں جب کہ ڈالر دو سو سے بھی اوپر چلا گیا ہے۔
بیرون ملک مقیم پاکستانی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور جب اسلام آباد میں دھرنا دیا گیا تو وہ بھی شریک ہوں گے۔ تحریک انصاف سویڈن کے کوآرڈینیٹر چوہدری رفاقت علی کا کہنا ہے کہ موجود حکومت میں سب مفاد پرست عمران دشمنی میں اکٹھے ہوگئے ہیں۔ آصف علی زرداری نے جو ن لیگ کے ساتھ کرنا ہے اس کا تماشا دنیا دیکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے اور جب اسے الیکشن کمشنر پر اعتماد نہیں تو اسے مستعفی ہو جانا چاہیے۔
عدم اعتماد نے تمام کرداروں کے چہرے سے نقاب اتار دیا ہے بلکہ تحریک انصاف میں جو لوگ اپنے مفاد کے لئے شامل تھے، ان گندے انڈوں سے جماعت صاف ہوگئی ہے۔ تحریک انصاف سویڈن کے کوآرڈینیٹر نے کہا کہ سویڈن میں رکنیت سازی کی جائے گی اور گھر گھر عمران خان کا پیغام پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سویڈن میں تحریک انصاف کے کارکن ملک کے جنوب سے شمال تک پروگریسو پینل کے ساتھ وابستہ ہیں اور اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔