اقوام متحدہ میں انٹرنیشنل مائیگریشن ریویو فورم کا5روزہ اجلاس اختتام پذیر،پاکستانی سینیٹرزکے وفد نے بھی شرکت کی

نیویارک(طاہرمحمودچوہدری)اقوام متحدہ نیویارک میں انٹرنیشنل مائیگریشن ریویو فورم کا اجلاس 16 مئی سے 20 مئی تک جاری رہا، ان 5روزہ اجلاسوں میں پاکستانی سینیٹ کے وفد نے سینیٹرز فاروق ایچ نائیک کی قیادت میں شرکت کی، وفد میں سینیٹر مشتاق احمد ، سینیٹر عینی مری اور سینیٹر پیر صابر شاہ شامل تھے، پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے دورہ امریکہ و اقوام متحدہ کی وجہ سے پاکستانی وفد کی اقوام متحدہ میں کارگزاری کو پاکستان کے مین سٹریم میڈیا میں زیادہ کوریج نہیں مل سکی،پاکستانی میڈیا کا زیادہ فوکس بلاول بھٹو زرداری کی اقوام متحدہ سرگرمیوں پر مرکوز رہا۔

پہلے بین الاقوامی مائیگریشن ریویو فورم (آئی ایم آر ایف) اجلاس میں سینیٹر فاروق ایچ نائیک نے دنیا بھر میں غیر ملکی کمیونٹیز کے لیے اسلامو فوبیا، نسل پرستی اور نفرت انگیز تقاریر کا مقابلہ کرنے کےلیےقوانین، پالیسیوں اور طریقوں کے نفاذ کی اہمیت پر زور دیا، انٹرنیشنل ما ئیگریشن ریویو فورم اجلاس کا مقصد مقامی، قومی، علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لینا تھا جو گلوبل کمپیکٹ فار سیف، آرڈرلی اور ریگولر مائیگریشن (جی سی ایم) کو نافذ کرنے پر مرکوز رہی۔

2018ء میں جی سی ایم کو اپنانے کے بعد سے، آئی ایم آر ایف: 2022، رکن ممالک، اقوام متحدہ کے نظام اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے لیے جی سی ایم کے نفاذ کی کامیابیوں اور چیلنجوں کو اکٹھا کرنے اور ان پر تبادلہ خیال کرنے کا پہلا موقع تھا،پاکستانی وفد نے گزشتہ روز 5روزہ اجلاس کے خاتمے پر پاکستان روانہ ہونے سے قبل پاکستان مشن برائے اقوام نیویارک میں مستقل مندوب منیر اکرم اور سفیر عامر خان سمیت مشن کے دیگر عملے سے الوداعی ملاقاتیں کیں۔

Comments (0)
Add Comment