ٹوکیو(عرفان صدیقی)پاک جاپان بزنس کونسل کے صدر رانا عابد حسین دبئی کے شاہی خاندان کی اہم شخصیت اور عالمی شہرت یافتہ کاروباری شخصیت ہز ہائی نیس شیخ عبدالحکیم المکتوم کی خصوصی دعوت پر جاپان کی اہم ٹیلی کام اور آٹو موبائل کمپنی کے سربراہان کے ساتھ دبئی کے دورے پر روانہ ہورہے ہیں۔
رانا عابد حسین نے بتایا کہ وہ اور ان کے جاپانی پارٹنرز دبئی میں دو سو ملین ڈالر کی لاگت سے الیکٹرک گاڑیاں بنانے کا پلانٹ قائم کریں گے، اس منصوبے پر دبئی کی حکومت اور شاہی خاندان کے اہم رکن ہز ہائی نیس شیخ عبدالحکیم المکتوم نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔اُنہوں نے بتایا کہ جاپانی کمپنی نے جدید ترین ٹیکنالیوجی تیار کی ہے جس سے چھوٹی اور بڑی الیکٹرک کاروں کے علاوہ بسیں بھی تیار کی جائیں گی اسی ٹیکنالوجی میں دلچسپی لیتے ہوئے دبئی کی اہم کاروباری و شاہی خاندان کی شخصیت نے انھیں دبئی آنے کی دعوت دی ہے۔
رانا عابد حسین نے بتایا کہ ان کے جاپانی وفد کے لیے دبئی میں شاہی خاندان کی جانب سے سمندر میں کروز پر خصوصی دعوت کا اہتمام بھی کیا جارہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ وہ اپنی جاپانی وفد کے ساتھ پاکستان جانے کی تیاری بھی کررہے ہیں جہاں ان کی وزیر اعظم شہباز شریف سے بھی ملاقات ہوگی جس میں وہ پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لیے جاپانی سرمایہ کاری پر بھی بات چیت کریں گے۔