کوالالمپور(محمد وقارخان)ملائشیا میں مسلم لیگ (ن) کی تنظیم سازی کیلئے اجلاس منعقد ہوا جس میں تنظیمی باڈی کا اعلان کیا گیا اور تنظیمی امور کیلئے ایک باقاعدہ پلیٹ فارم کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ؐسے کیا گیا،اس تقریب میں متفقہ طور پر صدارت کیلئے مہر نثار احمد ،نائب صدر مرزا عمر بیگ، جنرل سیکرٹری چوہدری عمران ورک، جوائینٹ سیکرٹری فیصل رفیق مغل، سیکرٹری فنانس علی سلطان اور سیکرٹری اطلاعات و نشریات کیلئے محمد صاحب بٹ کو منتخب کیا گیا۔
نو منتخب صدر مسلم لیگ ( ن ) ملائشیا مہر نثار احمد نے تعارفی بیان میں کہا کہ ملائشیا میں (ن) لیگ کے جیالوں ہی نے ہمیں ابھارا کہ ملائشیا میں ہماری تنظیمی باڈی نہ ہونے کے باعث ہماری آواز نہائت محدود ہے اور پاکستان میں بسنے والے لوگوں تک ہمارے جذبات نہیں پہنچ پاتے تھے، اس لیے ہمیں یہاں اپنی تنظیم کو منظم کرنے کی ضرورت تھی تاکہ ہم اپنے خیالات کا اظہار بھرپور سیاسی طریقے سے کرسکیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے تنظیم سازی کا فیصلہ کرنے کے بعد پاکستان میں (ن) لیگ کی جنرل باڈی سے رابطہ کیا تو انہوں نے بھی ہمیں یقین دلایا ہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کیلئے ہر حد تک ہمارے ساتھ ہیں۔آج آپ سب لوگوں کو اکٹھا کرنے کا مقصد یہی ہے کہ (ن) لیگ کے چاہنے والوں کا ایک دوسرے سے تعارف ہونے کے ساتھ ساتھ اپنے اظہارِ خیال کا موقع ملے اور کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لیے ایک دوسرے کے دست و بازو بنیں۔
بعد ازاں نو منتخب جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) چوہدری عمران ورک نے اپنی تعارفی گفتگو میں کہا کہ اپنی آواز کو موثر انداز میں پاکستانی سیاسی حلقوں میں پہنچانے کے لیے ہم نے یہ اقدام اٹھایا ہے اور اسی پلیٹ فارم سے سیاسی جدوجہد کے ساتھ ساتھ کمیونٹی کی فلاح اور مسائل کے حل کیلئے بھی ہر ممکن اقدام کریں گے۔
بعد ازاں صدر مسلم لیگ (ن) نثار مہر،نائب صدر مرزا عمر بیگ اور جنرل سیکرٹری چوہدری عمران ورک نے صحافیوں کے سوالوں کے جواب دئیے اور سیاسی میدان میں اپنی ٹیم کو بھرپور طریقے سے متحرک رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔