ٹوکیو(عرفان صدیقی)بھارت نے جاپان سے تجارت کے ریکارڈ بنادیئے ،دونوں ممالک کی دو طرفہ تجارت بڑھ کر 18ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئی جبکہ بھارت کی جاپان کوکی جانیوالی برآمدات کا حجم6ارب ڈالرز سے تجاوز کرگیا جبکہ اسی سال پاکستان کی جاپان کو مجموعی برآمدات بمشکل صرف200ملین ڈالرز تک پہنچ سکیں۔
دوسری جانب پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی لینے والی جاپان کی بڑی ٹیکسٹائل کمپنی Uniqlo نے بھی بھارتی وزیر اعظم کی دعوت پر اب بھارت میں سرمایہ کاری کا فیصلہ کرلیا ، بھارت اور جاپان کی تیزی سے بڑھتی ہوئی تجارت کے باعث جاپان میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات لاکھوں ڈالرز سالانہ تنخواہ لینے والے پاکستانی کمرشل قونصلر کی کارکردگی کا پول بھی کھل گیا ہے اور کئی پاکستانی و جاپانی کاروباری تنظیموں نےپاکستانی حکام کی ناقص کارکردگی کو سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے۔
دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی جو آجکل جاپان کے دورے پر ہیں نے جاپانی سرمایہ کاروں سے ملاقات میں انہیں بھارت میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے سرمایہ کاری پر بھاری فوائد دینے کی بھی پیشکش کی ہے ۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ برس جاپان کو منرل فیولس ، آئل ، اور ڈی سیلینیشن پروڈکٹ کی ایک ارب ڈالرز سے زائد کی برآمدات کی گئی ہیں جبکہ آرگینک کیمیکل کی برآمدات کا حجم 700ملین ڈالرز سے زائد رہا ہے ،مشینری ، ری ایکٹرز ، بوائلر کی برآمدات 500ملین ڈالرز سے زائد رہیں ، فشریز سمیت دیگر اشیاء 450ملین ڈالرز ،قدرتی پتھر ، ہیرے جواہرات 430ملین ڈالرز ، الیکٹریکل و مکینیکل سامان 330ملین ڈالرز ریکارڈ کیا گیا۔
اس طرح مجموعی طور پر بھارت نے 6 ارب ڈالرز کا سامان جاپان کو برآمد کیا دوسری جانب جاپان سے بھارت کو کی جانیوالی برآمدات کا حجم 12ارب ڈالرزیکارڈ کیا گیا ۔