نیو جرسی(شوبز نیوز)پاکستانی فلم ساز خالد حسن خان کی افغان مہاجر بچوں پر بنائی گئی دستاویزی فلم نے پرنسٹن گارڈن تھیٹر نیو جرسی، ریاستہائے متحدہ میں منعقدہ ساتویں سالانہNassau Film Festivalناساؤ فلم فیسٹیول سے ’’بیسٹ آف فیسٹ ونر‘‘ کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوگئی۔
یہ دستاویزی فلم، ٹوئنکلنگ وداؤٹ شائننگ، افغان بچوں کی زبوں حالی سے متعلق ہے جو افغانستان میں برسوں کی معاشی بدحالی اور سیاسی خلل کے بعد افغانستان چھوڑنے پر مجبور ہوئے تھے اور اب پاکستان میں مقیم ہیں۔
ناساؤ فلم فیسٹیول کے فیسٹول ڈائریکٹر اور بانیLew Goldsteinلیو گولڈسٹین نے خالد حسن خان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا،’’ہمیں امید ہے کہ آنے والے سالوں میں آپ سے مزید معیاری فلمیں دیکھنے کو ملیں گی‘‘۔
خالد حسن خان نے بتایا،’’ٹوئنکلنگ ودآؤٹ شائننگ‘‘ کیلئے یہ تین ماہ میں لگاتار تیسرا ایوارڈ ہے۔ اس سے قبل اس دستاویزی فلم نے ترکی کی طرف سے گولڈن وہیٹ ایوارڈز کا خصوصی جیوری پرائز مارچ 2022 میں جیتا، جنوبی کوریا سے بہترین انسانی حقوق کا اعزاز اپریل 2022 میں حاصل کیا اور اب مئی 2022 میں امریکہ سے بہترین فیسٹیول ونر کا ایوارڈ اپنے نام کیا ہے۔
ٹوئنکلنگ ودآؤٹ شائننگ (افغانز ان سرچ آف چائلڈ ہڈ) کو خالد حسن خان نے ڈائریکٹ اور پروڈیوس کیا ہے، جس کے ایگزیکٹو پروڈیوسر محسن ایس جعفری اور ایسوسی ایٹ پروڈیوسر سید اویس علی ہیں۔ زاہد راجہ نے بطور ڈائریکٹر آف فوٹوگرافی فرائض انجام دیئے ہیں۔