اوورسیز پاکستانیز موجودہ حکومت کے اس فیصلے کوسختی سے مسترد کرتے ہیں
بہت جلد پی ٹی آئی عوام کی طاقت سے دوبارہ بھاری اکثریت سے اقتدار میں آئے گی
یو اے ای میں کسی قسم کے احتجاج یا ریلی نکالنے پر پابندی ہے،عرب امارات کے قوانین کا احترام کریں
دبئی(طاہر منیر طاہر)پاکستان تحریک انصاف یو اے ای کے عہدیداران کا کہنا ہے کہ یو اے ای میں موجود پی ٹی آئی کے تمام لوگ یہاں کے قوانین کا احترام کریں یو اے ای میں کسی قسم کے احتجاج یا ریلی نکالنے پر پابندی ہے اس لئے ہمیں یہاں کے قوانین جو ملحوظ خاطر رکھنا ہے، ان خیالات کا اظہارپاکستان تحریک انصاف یو اے ای کے عہدیداران نے دبئی میں پاکستان تحریک انصاف یو اے ای کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں پی ٹی آئی یو اے ای کے جنرل سیکرٹری سید آصف زمان ، پاکستان تحریک انصاف دبئی کے صدر میاں اویس انجم ، جنرل سیکرٹری دبئی یونٹ چوہدری جاوید اقبال ، پی ٹی آئی ابوظہبی کے صدر محمد ثقلین مہرو، عزیز خٹک صدر فجیرہ یونٹ فہیم بیگ صدر ام القیوین یونٹ عادل ملک صدر راس الخیمہ یونٹ ،عزیزاللہ، عتیق الرحمان صدر شارجہ یونٹ ، ناصر منور پی ٹی آئی ابوظہبی ،بشارت اعوان ، سید سلیم اختر ،اعجاز احمد خاں ، سارہ خاں ،حمیرا نسیم اورپی ٹی آئی کے دیگرکارکنوں نے شرکت کی۔
اس موقع پر پی ٹی آئی دبئی کے صدر میاں اویس انجم کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم کرکے کونسی جمہوریت کی خدمت کی گئی ہے، اوورسیز پاکستانیز موجودہ حکومت کے اس فیصلے کو مسترد کرتے ہیں ،انہوں نے کہا ہم پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طر ح مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
ہم نے حقیقی جمہوری آزادی کے حصول اور غلامی کی زنجیریں توڑنے کے لئے پر امن جدوجہد کا راستہ اپنایا ہے وہ دن دور نہیں جب دوبارہ پی ٹی آئی عوام کی طاقت سے بھاری اکثریت سے اقتدار میں آئے گی ۔
پی ٹی آئی یو اے ای کے جنرل سیکرٹری سید آصف زمان نے کہا کہ ہم عمران خان کے ساتھ اس لئے ہیں کہ وہ ایک سچا ایماندار اور مخلص رہنما ہے جو ملک اور قوم کو مضبوط بنانا چاہتا ہے، انہوں نے کہا کہ آج عمران خاں کی جدوجہد اپنے لئے نہیں وہ قوم کو غلامی کی زنجیروں سے آزاد کروانا چاہتا ہے جو امپورٹڈ حکومت کو مسلط کرکے ملک کا حال کیا جا رہا سب کے سامنے ہے اس لئے عوام کو عمران خان کا ساتھ دینا چاہیے۔