مظلوم طبقات کیلئے خالد حمید فاروقی کی جدوجہد ناقابل فراموش ہے،پی پی رہنمائوں کا مرحوم کو خراج عقیدت

برسلز (نمائندہ خصوصی) بلجیم میں پاکستان پیپلزپارٹی اور یوتھ ونگ کے کارکنان نے پاکستان پیپلزپارٹی کی اوورسیز کمیٹی کے ممبر سابق تحصیل ناظم کھاریاں ندیم اصغر کائرہ کے ہمراہ برسلز میں معروف صحافی اور دانشور انسان دوست شخصیت خالد حمید فاروقی کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی ۔

اس موقع پر ندیم اصغر کائرہ نے گفتگو کرتے ہوئے مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان کے انتقال سے جو خلا پیدا ہوا ہے وہ پُر ہونا ممکن نہیں ۔

ملک اجمل، مسعود کھوکھر، ڈاکٹر عامر ،زبیر اعوان ،راجہ طاہر اور پیپلز یوتھ بلجیم کے صدر شیراز بٹ نے کہا کہ جمہوریت، انسانی حقوق، مظلوم طبقات کے حقوق، کشمیر اور خواتین کے حقوق کیلئے مرحوم کی لازوال جدوجہد ناقابل فراموش ہے۔

اس موقع پر پاکستان پریس کلب کے جنرل سیکرٹری ندیم بٹ سے خصوصی تعزیت کی گئی اور مرحوم کے اہل خانہ کیلئے صبر جمیل اور نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی گئی کہ اللہ پاک مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے ۔

Comments (0)
Add Comment