نیویارک (طاہر محمود چوہدری ) نیو جرسی سٹیٹ ہاؤس واقع ٹرنٹن میں ممبران سٹیٹ اسمبلی کے پورٹریٹ دیواروں پر آویزاں کیے گئے ہیں ،جن میں 2پاکستانی نژاد امریکی مسلمان خواتین صدف جعفر اور شمع حیدر کے پورٹریٹ بھی شامل ہیں، جو گزشتہ سال نیو جرسی کی سٹیٹ اسمبلی کے دو حلقوں، ڈسٹرکٹ 16 اور ڈسٹرکٹ 37 سے ڈیموکریٹک پارٹی کی جانب سے سٹیٹ اسمبلی کی ممبر منتخب ہوئی تھیں۔
صدف جعفر نے دیوار پر آویزاں پورٹریٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے اپنے فیس بک پیج پر لکھا ہے کہ پہلی بار میں نے دیوار پر اپنا پورٹریٹ دیکھا ہے،تصویر میں دیگر ممبران کے علاوہ شمع حیدر کا پورٹریٹ بھی نظر آ رہا ہے۔
نیو جرسی کی سٹیٹ اسمبلی کے کل 40 ڈسٹرکٹ ہیں، ہر ڈسٹرکٹ سے 2 ممبران براہ راست انتخاب کے ذریعے 2 سال کے لیے منتخب کیے جاتے ہیں، موجودہ اراکین کی تعداد 80 ہے، جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کے ممبران کی تعداد 46 اور ری پبلکن کی تعداد 34 ہے، رواں سال نومبر میں نئے ممبران کے لیے پولنگ ہو گی جبکہ ڈیموکریٹک پرائمریز رواں ماہ 7 جون کو ہوں گی۔